حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی ضلعی اور تحصیل ہیڈکوارٹرز پر ہر ماہ کے پہلے دو دن ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے ۔ ڈپٹی کمشنر ملک عباس ذوالقرنین کی زیر صدارت پہلے روز ڈی سی آفس میں عوامی ریونیو خدمت کچہری کا انعقاد کیا گیا ،
منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز یکم فروری 2023) جس میں اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین عامر محمود، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹروحید حسن گوندل ،تحصیلدارمحمود بھٹی، لینڈ ریکارڈسنٹر اور ریونیو افسران سمیت عوام الناس بھی موجود تھی ۔ڈپٹی کمشنر نے عوامی خدمت کچہری میں آئے ہوئے سائلین کے مسائل سن کر حل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہناتھا کہ ریو نیو عوامی خدمت کچہری وزیراعلیٰ پنجاب کا عوام دوست اقدام ہے، جہاں شہریوں کے ریونیو سے متعلق پیچیدہ مسائل فور ی حل کئے جاتے ہیں ، ان عوامی خدمت کچہریوں میں ریونیوعملہ عوام الناس کی سہولت کے لیے فرد کے اجراء، درستگی ریکارڈ، انتقالات کے اجراء، انکم سرٹیفکیٹ، معائنہ ریکارڈ، رجسٹری، ڈومیسائل کا اجراءاور ریونیو سے متعلقہ دیگر درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے ایک ہی چھت کے نیچے الگ الگ کاﺅنٹرز پر خدمات مہیا کرنے کیلئے موجود ہوتا ہے،
یہی وجہ ہے عوام الناس کی کثیرتعداد نے ان خدمت کچہریوں پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو ریونیو سے متعلقہ مسائل کے حل کے حوالے سے یہ خدمات ہر ماہ کے پہلے ہفتے کے دفتری اوقات میں صبح 10 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مہیا کی جاتی ہیں۔ کھلی کچہری میں پیش کی جا نے والی درخواستوں کا مکمل ریکارڈ رکھا جاتا ہے اور مانیٹرنگ کی جا تی ہے۔
انہوں نے ریونیو افسران او رعملہ کو ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کے جاری کردہ احکامات پر عمل درآمد میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ خدمت کچہری میں آغاز سے لیکر اختتام تک آنے والے سائلین نے اپنے مختلف ریونیو مسائل کے حوالے سے درخواستیں پیش کیں، جنہیں وہاں پر افسران کی موجودگی میں عملہ نے فوری طور پر کاروائی کر کے موقع پر نبٹا دیا جبکہ دیرینہ مسائل والی درخواستوں کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔
ضلعی ہیڈکوارٹر کی طرح تحصیل ہیڈکوارٹر پھالیہ اور ملکوال میں بھی اسسٹنٹ کمشنرز کی زیر صدارت ریونیو عوامی خدمت کچہریوں میں ریونیو سے متعلقہ شہریوں کے مسائل سنے گئے ۔
