کمشنر گجرات کا ضلع منڈی بہاءالدین کا دورہ، جاری ترقیاتی سکیموں کا معائنہ کیا

commissioner gujrat

کمشنر گجرات ڈویژن احمد کمال مان نے ضلع منڈی بہاوالدین کا تفصیلی دورہ کیا ۔ ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ افسران اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنا کر عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں، تمام محکمے پبلک سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنائیں ۔ ترقیاتی سکیموں کو ٹائم لائن کے اندر مکمل کریں اور افسران جاری ترقیاتی سکیموں کا روزانہ کی بنیاد پر معائنہ کریں اور کام کی کوالٹی کو چیک کریں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات کے مطابق سرکاری افسران کے پاس کارکردگی دکھانے کے علاوہ کوئی چوائس نہیں۔

منڈی بہائوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 12 اکتوبر 2022) اجلاس میں ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملک عباس ذوالقرنین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ حافظ غلام مرتضیٰ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز صاحبان، ایکسیئن بلڈنگ، روڈز، ایم اینڈ آر کے افسران کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجودتھے۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر تسنیم علی خاں نے جاری ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی، انسداد سموگ ،کورونا ویکسی نیشن، انسدادڈینگی اور پولیومہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈویژنل کمشنر نے ا فسران سے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد ضلع میں صحت، تعلیم، پرائس کنٹرول ، کلین اینڈ گرین مہم، روڈ انفراسٹرکچر ، ایم سیز سروسز، سرکاری محکموں کی کارکردگی اور دیگر مفاد عامہ کے امور کے حوالے سے جائزہ لینا ہے ۔

انہوں نے ا فسران کو ہدایت کی کہ وہ دفاتر میں اپنی موجودگی، دفتری اوقات کی پابندی، صفائی ستھرائی کے نظام ، فیلڈ ورکس اور اوپن ڈور پالیسی پر خصوصی توجہ دیں ۔ اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس ہے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی پراجیکٹ کے حوالے سے کنسلٹنٹ کی خدمات کو ترقیاتی کاموں کا حصہ لازمی بنائیں اور روڈ انفراسٹرکچر پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے افسران پر واضح کیا کہ ضلع میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس میںذاتی دلچسپی لے کر ان کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ،جہاں فنڈز کی کمی ہو وہاں میرے علم میں لائیں ، انشاءاللہ ضلع کی انتظامی امور اور بنیادی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔

اجلاس میں مختلف محکموں کے سربراہان نے اپنے اپنے محکموں بارے بریفنگ دی۔ بعد ازاں کمشنر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتالوں کے مختلف شعبوں کا معائنہ کر کے مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکو مت سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت طبی علاج معالجہ کی فراہمی کیلئے کثیر فنڈز مہیا کر رہی ہے یہی وجہ ہے کہ صوبہ بھر میں صحت میں جدیدطبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ڈویژنل کمشنر نے زیر تعمیر منڈی پھالیہ روڈ کا معائنہ کیا اور کام کی رفتار اور کوالٹی کو بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔

Exit mobile version