لاہور (لیڈی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فلائٹ لیفٹیننٹ عمران قریشی نے کہا ہے کہ موسم کی پیشگوئی کے مطابق مغربی ہوائیں 28 مئی کو ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں میں داخل ہوں گی جو 31 مئی تک رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ 28 سے 31 مئی کے دوران لاہور، اسلام آباد، لیہ، بھکر، ڈی جی خان، راجن پور، رحیم یار خان، بہاولنگر، ملتان، ساہیوال، خانیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، راولپنڈی، اٹک، گوجرانوالہ۔ سرگودھا، شیخوپورہ، خوشاب، میانوالی، ناروال، سیالکوٹ، قصور، جہلم، بھکر، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ اور منڈی بہاؤالدین میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ اس دوران درجہ حرارت معمول سے نیچے رہنے کا امکان ہے۔ ڈی جی پی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ پنجاب بھر کے تمام متعلقہ ادارے اپنے انتظامات مکمل رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔
