گوجرانوالہ بورڈ کے امتحانات: منڈی بہاءالدین میں 10 امتحانی مراکز حساس قرار

students giving matric exams in class room

انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن گوجرانولہ کے زیر اہتمام 4 مارچ سے شروع ہونے والے امتحان سیکنڈری سکول سرٹیفیکیٹ (فرسٹ اینول) 2025 ء کے بہترین انعقاد کے سلسلہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن/چیئرمین تعلیمی بورڈ گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی کی سربراہی میں گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے ویڈیو لنک میٹنگ منعقد ہوئی۔

جس میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نے گوجرانوالہ، حافظ آباد، گجرات، منڈی بہاءالدین، سیالکوٹ اور نارووال اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کیں کہ وہ مذکورہ امتحان کے انعقاد کے دوران اپنے اپنے اضلاع میں قائم امتحانی مراکز کا معائنہ کرنے کے لیے مختلف خفیہ ٹیمیں تشکیل دیں۔ امتحانی مراکز کا اچانک معائنہ خود کریں۔ اندرونی اور بیرونی مداخلت کا بھی جائزہ لیں۔

اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو بتایا کہ مذکورہ امتحان کے بہترین انعقاد کے لیے ڈویژن کے تمام اضلاع میں مجموعی طور پر 760 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 134 کے قریب امتحانی مراکز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

ضلع گوجرانوالہ میں 32، حافظ آباد میں 12، گجرات میں 30، منڈی بہاءالدین میں 10، سیالکوٹ میں 22، اور ضلع نارووال میں 28 ہیں۔انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ نقل لگانے والے مافیا کا قلع قمع کریں اور حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ایسے تمام امتحانی مراکز جنہیں تعلیمی بورڈ گوجرانوالہ نے حساس قرار دیا ہے، امتحانی مراکز کے ہالوں اور کمروں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگا کر ان کی نگرانی کی جائے۔

پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق ہائر ایجوکیشن میں قائم مانیٹرنگ سیل کو نصب کیمروں کے آئی پی ایڈریسز بھی فراہم کیے جائیں تاکہ امتحانی نظام کو مزید صاف اور شفاف بنانے میں مدد مل سکے۔نگران عملہ کی ضلع وار فہرستیں متعلقہ تعلیمی حکام کو فراہم کر دی گئی ہیں۔

ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن/چیئرمین ایجوکیشن بورڈ گوجرانوالہ کی ہدایات پر عملدرآمد اور بورڈ انتظامیہ کو تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ پروفیسر گوہر الطاف بھی موجود تھے۔

Exit mobile version