تھانہ کی سطح پر سائلین کے ساتھ عزت و احترام کیساتھ پیش آئیں،آرپی او گجرات

RPO Gujrat visited mandi bahauddin district

کھاریاں (تازہ ترین 03 جنوری2023ء) ریجنل پولیس آفیسر گجرات ڈاکٹر محمد اختر عباس کاپولیس لائنز منڈی بہاؤالدین میں پولیس اجلاس۔اجلاس میں ضلع کے ڈی ایس پیز،ایس ایچ اوز،ایلیٹ فورس،ٹریفک پولیس اور ضلعی پولیس کے افسران و اہلکاران نے شرکت کی

آر پی او گجرات نے افسران و ہلکاروں کے مسائل سن کر ان کے فوری حل کے لئے موقع پرہی احکامات جاری کئے تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے احکامات کی روشنی میں آر پی او گجرات ڈاکٹر محمد اخترعباس نے پولیس لائنز منڈی بہاؤالدین میں پولیس ملازمین کے مسائل سننے اور ان کے حل کیلئے پولیس اجلاس کا انعقاد کیا۔

پولیس لائنز پہنچنے پر جوانوں کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔جس کے بعد آر پی او گجرات نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ بعد ازاں پولیس لائنز میں یادگاری پودا بھی لگایا۔ پولیس اجلاس میں ضلع کے ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز، ایلیٹ فورس،ٹریفک پولیس اور ضلعی پولیس کے افسران و اہلکاران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

آر پی او گجرات نے پولیس اجلاس میں آئے ہوئے تمام ملازمین کے مسائل فرداً فرداً سنے۔اس موقع پر انہوں افسران و ملازمین کے ٹرانسفر پوسٹنگ اور دیگر نوعیت کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی خصوصی احکامات جاری کئے۔آر پی او گجرات نے اس موقع پر کہا کہ پولیس افسران و ملازمین اپنے محکمانہ یا ذاتی مسائل کے سلسلہ میں مجھ سے کسی وقت بھی رابطہ کر سکتے ہیں،فورس کی ویلفئیر کیلئے میرے دفتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران و ملازمین کی ویلفیئر میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔پولیس افسران و اہلکاران جرائم کے خلاف زیر وٹالرینس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے موثر کار کردگی کا مظاہرہ کریں۔تھانہ کی سطح پر سائلین کے ساتھ عزت و احترام کے ساتھ پیش آئیں۔

قانون کی بالادستی قائم رکھنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں،تھانہ کی سطح پر سائلین کو انصاف فراہم کریں اور مقدمات کی میرٹ پر تفتیش کریں۔انہوں نے تمام افسران پر واضح کیا کہ جرائم کی سرپرستی کرنے والے افسران و اہلکاروں کا کڑا احتساب کیا جائے گا۔

Exit mobile version