حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں شہر اور گردونواح کی گنجان آبادی میں غیر قانونی طور پر پٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف سول ڈیفنس آفیسر معظم سلطان نے کریک ڈائون کرتے ہوئے 4 پٹرول ایجنسیز کو سر بمہر اور 5 عدد استغاثہ جات کاروائی کے لیے شہر کے مختلف تھانوں میں بھجوا دئیے۔
منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 30ستمبر 2022 ) اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر نے کہا کہ کسی بھی جگہ غیر قانونی پٹرول ایجنسیز کی تنصیب کر کے پٹرول کی خرید و فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے غیر قانونی پٹرول ایجنسیز مالکان کو کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ ایسے غیر قانونی افعال سے باز رہیں ۔ چیکنگ کے دوران خلاف ورزیوں کے مرتکب پائے جانے والوں کو بھاری جرمانے کئے جائیں گے اور انہیں جیل کی ہوا کھانی پڑے گی۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس اقدام کو سراہتے ہوئے غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف آپریشن کو قابل تحسین قرار دیا۔ سول ڈیفنس آفیسر نے بتایا کہ کسی بھی نا گہانی آفت یا آگ سے بچائو بارے شہریوں کی آگاہی کیلئے پمفلٹس تقسیم کئے جا رہے ہیں جبکہ ٹریننگ کا کام بھی جاری و ساری ہے ۔
