ملکوال میں 30 ایکڑ اراضی پر ایک منٹ میں ریکارڈ 20 ہزار پودے لگائے گئے

ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن بلین ٹری پلانٹیشن کے تحت شجرکاری مہم کا ملکوال کے موضع چک نمبر 26 میں 30 ایکڑ اراضی پر ایک منٹ میں ریکارڈ 20 ہزار پودے لگا کر موسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا.

منڈی بہاوالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 17 مارچ 2022 ) اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ارشاد اللہ گوندل، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر رانا محمد اکرم، ڈی او سیکنڈری ایجوکیشن عارف محمود، ڈی او ایلیمنٹری عبدالحفیظ ، ڈپٹی ڈی او (مردانہ) پھالیہ اسلم حیات نسیم، ڈپٹی ڈی او (مردانہ) ملکوال راﺅ شفیق احمد، اسکولز کے طلباء، سول سوسائٹی، این جی اوز، محکمہ تعلیم، اساتذہ، عمائدین شہر نے شرکت کی اور پودے لگائے ۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی اور ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ارشاد اللہ گوندل نے بھی پودے لگائے ۔ اس موقع پر غباروں کے ساتھ پاکستانی پرچم بھی فضا میں بلند کیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی ملک کے 25 فیصد رقبے پر جنگلات کا ہونا ضروری ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں صرف چار فیصد رقبے پر جنگلات پائے جاتے ہیں جو کہ انتہائی خطرناک صورتحال ہے اس سے نمٹنے کیلئے ہمیں جنگی بنیادوں پر شجرکاری کو فروغ دینا ہوگا اور درختوں کی نگہداشت کیلئے اپنی انفرادی اور اجتماعی کوششیں بروئے کار لانا ہوں گی۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا بلین ٹری پلانٹیشن پروگرام موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ضلع کو موسم بہار سیزن کیلئے 11 لاکھ 79 ہزار پودے لگانے کا ٹارگٹ دیا گیا تھا اور اب تک 4 لاکھ پودے لگا دئیے گئے ہیں جبکہ موسم بہار سیزن کے اختتام سے پہلے ہدف کو مکمل کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ جنگلات کے رقبے میں اضافہ کرکے ہی ماحولیاتی آلودگی اور پانی کی قلت کے بحران سے بآسانی نمٹا جاسکتا ہے اور کرہ ارض کے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو بھی روکا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ ضلع منڈی بہاﺅالدین کی عوام نے ہمیشہ ہر شجرکاری مہم کا خیر مقدم کیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ شجرکاری صرف حکومت کا کام نہیں بلکہ شجرکاری مہم کو اجتماعی کوششوں سے ہی کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا بھی کی گئی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے اسسٹنٹ کمشنر ملکوال کے ہمراہ 53.538 ملین روپے سے نئے بننے والے تحصیل کمپلیکس ملکوال کا بھی افتتاح کیا ۔ اس موقع پر ایکسیئن بلڈنگ قرار شاہ، صدر بار ، سیکرٹری بار اور وکلاء کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

Exit mobile version