ضلعی بہبود فنڈ بورڈ اجلاس میں 944 درخواستوں کی منظوری دے دی گئی

Assistant Commissioner Mandi Bahauddin office

ڈپٹی کمشنر شاہدعمران مارتھ نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے تمام ممکنہ وسائل کی فراہمی پنجاب حکومت کی اہم ترجیح ہے ، انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین حکومت کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی اور ان کے اہل و عیال کی بر وقت امداد ایک فرض ہے جس کی ادائیگی فوری ہونی چاہیئے۔

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 03جون 2023)ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی بہبود فنڈ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کوتفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منڈی بہاﺅالدین سے تعلق رکھنے والے پنجاب حکومت کے حاضر سروس، ریٹائرڈ اور وفات پا جانے والے سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی مالی امداد کیلئے مختلف مدات جن میں شادی گرانٹ، کفن دفن اور ماہانہ مالی امداد اور سکالر شپ کی 1003درخواستوں میں سے 944 درخواستوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں شادی گرانٹ کی کل203 درخواستوں میں سے201 کی منظوری دی گئی، جس کی مالیت ایک کروڑ 9 لاکھ 75 ہزار روپے ہے جبکہ 2 درخواستوں کو اگلے اجلاس تک ضروری کارروائی کے لئے موخر کر دیا گیا۔ اسی طرح تدفین گرانٹ کی 224 درخواستوں میں سے 208 درخواستوں کی منظوری دی گئی، جس کی مالیت 73 لاکھ 15 ہزا روپے ہے جبکہ 15 درخواستوں کو اگلے اجلاس تک ضروری کارروائی کے لئے موخر کر دیا گیا۔

سکالر شپ کی 530 درخواستوں میں سے 495 درخواستوں کی منظوری دی گئی، جس کی مالیت 83 لاکھ 3 ہزار روپے ہے ۔ ماہانہ مالی امداد کے حوالے سے46 کیسز پیش کئے گئے، جس پر متفقہ فیصلے کے مطابق40 کیسز کی منظوری دی گئی جبکہ 6کو ضروری کارروائی کے لئے موخر کیا گیا اور اگلے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے تفصیلی بریفنگ سننے کے بعد کہا کہ ان کی پوری کوشش ہو گی کہ فنڈز بر وقت حقداران تک شفاف انداز میں پہنچائے جائیں تا کہ سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی مالی مشکلات میں کسی حد تک کمی لائی جا سکے۔انہوں نے واضح ہدایت کی کہ بہبود فنڈ سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے بینوولنٹ فنڈ بورڈ کا اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیا جائے اور ملازمین کی جانب سے بہبود فنڈ کی مختلف گرانٹس میں دی جانے والی درخواستوں کو بر وقت اور میرٹ پر نمٹایا جائے۔

Exit mobile version