ڈپٹی کمشنرشاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں 26 فروری 2024 سے شروع ہونے والی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد عابد یوسف،ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر افتخار، ڈی ڈی ایچ اوز،فوکل پرسن برائے پولیو رافعہ ناہید سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 13 فروری 2024)سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد عابد یوسف نے انسداد پو لیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہو ئے بتایا کہ26فروری سے یکم مارچ 2024 تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کیلئے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
پانچ روزہ مہم کے دوران پانچ سال تک کے 3 لاکھ 24 ہزار 622 بچوں کو پولیو ویکسین اور وٹامن اے کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو مہم کے لئے محکمہ صحت کے 2،922 ورکرز پر مشتمل 70 فکسڈ ٹیمیں، 45 ٹرانزٹ پوائنٹس ٹیمیں، گھر گھر جانے والی 1،225 ٹیمیں، 70 یوسی ایم اوز جبکہ 242 ایریا انچارجز مقرر کئے گئے ہیں۔اس ضمن میں مائیکرو اور میکروپلان تیار کرکے ضلعی اور تحصیل سطح پر متعلقہ سٹاف کو تربیت فراہم کی جائے گی ۔
ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے بریفنگ سننے کے بعدکہا کہ پولیو سے پاک پاکستان ہم سب کا اصل ہدف ہے جو عملی اقدامات سے ہی ممکن ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کے دوران کسی بھی فیک انٹریز سے اجتناب کیا جائے اور گزشتہ پولیو مہم کو مد نظر رکھتے ہوئے خامیوں کو دور کیا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گزشتہ پولیو مہم کے دوران ڈیوٹی میں غفلت برتنے والے ملازمین کے خلاف کاروائی کی جائے۔
