ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کہا ہے کہ پولیو سے پاک پاکستان ہم سب کا اصل ہدف ہے، دنیا نے پولیو سے نجات حاصل کر لی ہے اب ہمیں اس کے خاتمے کیلئے قومی فریضہ کے طور پر اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرنا ہوں گی، انہوں نے کہا کہ ضلع کے پولیو فری سٹیٹس کو برقرار رکھا جائے گا جس کیلئے ہر شخص اپنی ذمہ داری پوری کرے۔
منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 25فروری 2022 ) ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں انسداد پولیو مہم کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں اجلاس کو فوکل پرسن برائے ای پی آئی/پولیورافعہ ناہید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 28فروری سے 04مارچ 2022 تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں.
پولیو مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے 2 لاکھ32 ہزار73 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ دو دن کیچپ اپ ڈیز بھی ہوں گے۔اس ضمن میں مائیکروپلان تیار کر لیا گیا ہے ۔ ضلعی اور تحصیل سطح پر متعلقہ سٹاف کو تربیت بھی فراہم کی جا چکی ہے اورپولیو ویکسی نیشن مہم کے حوالے سے ادویات اور دیگر سازو سامان موصول ہو چکا ہے ۔ رافعہ ناہید نے بتایا کہ پولیو مہم کےلئے 2،333 ورکرز پر مشتمل محکمہ صحت کی 70 فکسڈ ٹیمیں، 43 ٹرانزٹ پوائنٹس ٹیمیں، گھر گھر جانے والی957 ٹیمیں، 70 یوسی ایم اوز جبکہ 193 ایریا انچارج مقرر کئے گئے ہیں۔
جس پر ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کہاکہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی صحت مند پاکستان کی ضمانت ہے، قوم کے نونہالوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانا عبادت سے کم نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہر بچے کو پولیو ویکسین پلانے کے عمل کو سو فیصد یقینی بنایا جائے اورگھروں، سکولوں، جھونپڑیوں، لاری اڈوں، ریلوے سٹیشن، بھٹہ جات اور عوامی مقامات پر مامور ٹیموں کی مانیٹرنگ بھی کی جائے ۔ انہوں نے افسران پر واضح کیا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اس میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر محمد شاہدنے کہاکہ معاشرے کے ہر طبقے کے والدین کا فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کیلئے محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو اس خطرناک اور موذی مرض سے محفوظ رکھ سکیں۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شکیل نذر، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر غفران حسین، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر عتیق الرحمٰن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن محمد اشرف تارڑ، فوکل پرسن برائے ای پی آئی/پولیورافعہ ناہید، نمائندہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر صدف خالق اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔