مرالہ روڈ پر تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل کو حادثہ، 3 نوجوان جاں بحق، 2 زخمی

bike

مرالہ روڈ پر دو تیز رفتار موٹر سائیکلوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں تین نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دو نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جب ایک موٹر سائیکل بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والی موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔

ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 25 سالہ کاشف اور 17 سالہ اسد ساکن آہدی شریف اور سید قاسم شاہ ساکن جسوکی کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی نوجوانوں کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں کو اسپتال منتقل کیا اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ عینی شاہدین کے مطابق دونوں موٹر سائیکلیں تیز رفتاری سے آرہی تھیں کہ اچانک آپس میں ٹکرا گئیں۔

مقامی شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مرالہ روڈ پر ٹریفک کنٹرول کے موثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے ہولناک حادثات سے بچا جا سکے۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی بڑی وجہ تیز رفتاری اور لاپرواہی تھی۔ دو قیمتی جانوں کے ضیاع پر علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی جبکہ جاں بحق نوجوانوں کے گھروں میں کہرام مچ گیا۔

Exit mobile version