پنجاب میں داعش کے 3 کمانڈروں سمیت 13 گرفتار

punjab police

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کارروائیوں کے دوران داعش کے 3 اہم کمانڈروں سمیت 13 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے صوبے بھر کے مختلف اضلاع میں 55 خفیہ کارروائیاں کیں۔ جس کے دوران 58 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور کالعدم تنظیموں کے 13 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور دیگر ممنوعہ مواد برآمد کیا گیا۔

گرفتار دہشت گردوں میں جلات خان، جنت خان، کشف رسول، اسرار خان، صاحبزادہ، نذیر، عبدالسلام، عامر خان، اسد اللہ معاویہ، امیر خان، ممتاز خان، انور خان اور غلام رحمان شامل ہیں۔ جن کا تعلق کالعدم تنظیموں تحریک طالبان پاکستان، داعش، سپاہ صحابہ پاکستان اور القاعدہ سے ہے

ان مبینہ دہشت گردوں کی گرفتاری لاہور، بہاولپور، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، راولپنڈی، چنیوٹ، قصور اور ملتان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران عمل میں لائی گئی۔دہشتگردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز 2،360 گرام، آئی ای ڈی بم 1، ڈیٹونیٹرز11، حفاظتی فیوز تار 26 فٹ، پستول 30 بور 1، گولیاں 6، جھنڈے 4‘ کالعدم تنظیم کے 71 پمفلٹس، 93 کے اسٹیکرز اور 46،475 روپے نقدی برآمد کئے گئے ہیں.

ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں نے تخریب کاری کا منصوبہ بنایا تھا اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، دہشت گردی کی کارروائیاں۔ گرفتار مبینہ دہشت گردوں کے خلاف لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد، شیخوپورہ، بہاولپور اور ملتان میں 10 ایف آئی آر درج کر کے انہیں تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ سی ٹی ڈی پنجاب نے رواں ہفتے کے دوران مقامی پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی مدد سے 339 کومبنگ آپریشنز کئے۔ ان کومبنگ آپریشنز کے دوران 4113 افراد کو چیک کیا گیا، 34 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، 26 ایف آئی آر درج کی گئیں اور 10 بازیابیاں کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب تندہی سے محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔ دہشت گردوں اور ریاست دشمن عناصر کو سلاخوں کے پیچھے ڈالنے کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

Exit mobile version