ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق یکم ربیع الاول سے لیکر 12ربیع الاول تک ضلع بھر میں شان رحمتہ اللعالمین ﷺ مذہبی جوش و خروش اور شایان شان طریقے سے منایا جائے گا، ضلع منڈی بہاﺅالدین اور تینوں تحصیلوں میں شان رسالت کے حوالے سے کالجوں،سکولوں ، سرکاری اور نجی اداروں میں شان رسالت تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا جس کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں.
منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 08 اکتوبر 2021 ) انہوں نے مذید کہا کہ 10 اکتوبر بروز اتوار کو وزیراعظم پاکستان عمران خان شان رحمتہ اللعالمین ﷺ میلاد کانفرنس کے حوالے سے پبلک مقامات پر بڑی سکرین لگا کر براہ راست خطاب نشر کیا جائے گا جس کے خصوصی انتظامات بھی کر لئے گئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں جشن شان رحمتہ اللعالمین ﷺ منانے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین امتیاز علی بیگ، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی، سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، سی ای او ایجوکیشن محمد یاسین ورک، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد فاروق، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، سیکرٹری آر ٹی اے ملک محمد طاہر، تحصیل میونسپل افسران کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشن شان رسالت میں سیرت النبی کے حوالے سے جو پروگرام منعقد کیے جائیں گے ان میں مقابلہ نعت، محفل میلاد، محفل سماع اور شان رسول ریلی منعقد کئے جائیں گے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو تمام پروگراموں کو مانیٹر کرے گی جبکہ اے سی صاحبان کے علاوہ سی ای او ایجوکیشن ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ا ن تقاریب کا انعقاد کریں گے۔ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں شان رسالت کے حوالے سے منعقدہ تقاریب میں نعت خوانی ، تقاریری مقابلے اور کوئز پروگرام ہوں گے جبکہ میونسپل کمیٹی افسران محفل نعت ، محفل سماع اور شان رسول پر روشنی ڈالنے کے لئے علماءکرام کو مدعو کریں گے جبکہ مقامی اور قومی سطح کے شعراءکو ان تقاریب میں مدعو کیا جائے گا ۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام پروگراموں کا شیڈول اوران کے انعقاد کی تصاویر اور ویڈیو کے ساتھ تفصیلی رپورٹ اعلیٰ حکام کے علاوہ ڈی سی آفس کے ساتھ بھی شیئر کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے شرکاء اجلاس پر واضح کیا کہ مسلمان جتنا پیار اپنے نبی کریم سے کرتے ہیں اس کائنات میں کسی اور ہستی سے نہیں کرتے۔ حضور اکرم ﷺکی شان اس کائنات میں سب سے بلند اور محترم ہے ۔ آپ تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے ہیں یہی وجہ ہے کہ شان رحمتہ اللعالمین کے حوالے سے منعقدہ تقاریب میں تقدس کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھاجائے۔