گورنمنٹ چلڈرن ہسپتال منڈی بہاءالدین میں محفل نعت کا انقاد کیا گیا

ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرانے کہا ہے کہ حضور اکرم ﷺ کی بعثت بھٹکی ہوئی انسانیت کو سیدھی راہ دکھانے کیلئے ہوئی، آپ ﷺ کی آمد سے ظلمات کے اندھیرے چھٹ گئے ، آپ ﷺ نے رنگ و نسل کی تمیز اور برابری کا معیار ختم کر کے معاشرے میں عدل و انصاف کو رواج دیا جس سے ایک فلاحی معاشرے کا قیام ممکن ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ سے محبت کا تقاضا ہے کہ ہم سیرت مبارکہ پر صدق دل سے عمل پیرا ہو کر آپس میں اتحاد و اتفاق اور رواداری کی فضا قائم رکھیں ۔

منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 16 اکتوبر 2021) ان خیالات کا اظہار انہوں نے عشرہ شان رحمت اللعالمین ﷺ کے حوالے سے گورنمنٹ چلڈرن ہسپتال میں منعقدہ محفل نعت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت سی ای او (ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی) ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے کی جبکہ نظامت کے فرائض رانا گلبہار نے سر انجام دئیے۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین امتیاز علی بیگ، نوجوان پی ٹی آئی رہنما عادل امتیاز احمد چوہدری ، معروف عالم دین پروفیسر علامہ طارق محمود د ہاشمی اور معروف نعت خوانان، افسران، تاجروں اور میڈیا کے نمائندوں، عمائدین شہر اور عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ محفل نعت میں معروف نعت خوانان نے نبی کریم ﷺ کی شان اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کئے ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے اور واضح پیغام دینے کیلئے عشرہ رحمت اللعالمین ﷺ کی تقریبات کا انعقاد کرنے کا جو فیصلہ کیا وہ شایان شان ہے اور ان تقریبات سے دنیا کو ایک واضح پیغام دیا گیا کہ مسلمانوں کیلئے نبی اکرم ﷺ خاتم النبین اور رحمت اللعالمین سے بڑھ کر دنیا میں اور کوئی نہیں اور ہر مسلمان حرمت رسول ﷺ پر اپنی جان و مال قربان کرنے کیلئے ہر ہر لمحہ تیار ہے۔

معروف عالم دین پروفیسر علامہ طارق محمود د ہاشمی نے نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کا امتی ہونے کا شرف رب العزت کا بہت بڑا انعام ہے۔ قرآن پاک میں جگہ جگہ اللہ پاک نے آپ ﷺ کی شان کے تذکرے فرمائے اور یہ اس بات کی گواہی ہے کہ سرکار دو عالم کی عظمت و شان کا مرتبہ کتنا اعلیٰ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی اسوہ حسنہ اور تعلیمات سے صرف مسلمانوں نے ہی نہیں بلکہ غیر مسلموں نے بھی رہنمائی حاصل کی ہے۔ آپ ﷺ کی شخصیت حسن اخلاق کا اعلیٰ ترین نمونہ تھی جو دنیا بھر کے انسانوں کیئے مشعل راہ بھی ہے۔

انہوں نے شرکاء تقریب سے کہا کہ آج بھی اسلامی پرچم کی سر بلندی کیلئے مسلم معاشرے کو نبی اکرم ﷺ کی زندگی کو اپنے معمولات کا محور بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عشرہ رحمت اللعالمین ﷺ منا کر حکومت پنجاب بالخصوص ضلعی انتظامیہ نے ایک اعلیٰ مثال قائم کی ہے اور امید ہے کہ آئندہ بھی اسی طرح کے ایمان افروز محافل کا انعقاد کیا جائے گا۔

Exit mobile version