لاہور: پاکستان نے کرتارپور راہداری کی تعمیر کے دوسرے مرحلے میں پاک بھارت زیرولائن کے قریب پل کی تعمیرکاکام شروع کردیاہے۔
کرتارپور پراجیکیٹ کے دوسرے مرحلے میں پاک بھارت زیرولائن پر پل کی تعمیر شروع کی گئی ہے۔ پاکستان نے اپنی طرف سے پل کی تعمیرکے لئے ابتدائی کام شروع کردیا ہے۔ دونوں ملکوں کوملانے کے لئے پاکستان اوربھارت کی سرحد پربنایاجانیوالا یہ پہلا پل ہوگا۔
پاک بھارت زیرو لائن کے قریب420 میٹرطویل پل کی تعمیرجون 2022 تک مکمل ہوجائیگی۔ پل کی تعمیرپر 452.9 ملین روپے لاگت آئے گی۔ پاکستان اوربھارت نے2019 میں کرتارپور راہداری تعمیرکی تھی۔ گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور سے بھارتی علاقے ڈیرہ بابانانک تک چاراعشاریہ سات کلومیٹرطویل راہداری کاافتتاح نومبر 2019 میں وزیراعظم عمران خان نے کیا تھا.