ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے کہا ہے کہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا، اسلام نے تعلیم کے حصول کی عملی تاکید کی ہے، انہوں نے مذید کہا کہ این سی ایچ ڈی بنیادی تعلیم کی فراہمی ، لٹریسی ریٹ کی بہتری ،جہالت اور پسماندگی کے خاتمہ اورسماجی ترقی کیلئے حقیقی معنوں میں گراس روٹ لیول پر کام کر رہا ہے جو کہ لائق تحسین ہے ۔
منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 02 اکتوبر 2021) ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام کدھر میں لٹریسی سنٹر تعلیم بالغاں پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سی ای او ایجوکیشن محمد یاسین ورک، ڈپٹی ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی مہر عمر دراز جھاوری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف علی تارڑ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ایلیمنٹری) عبدالحفیظ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مختار بدر، سابق ممبر قومی اسمبلی میجر ذوالفقار علی گوندل، فیلڈ آفیسر رانا مزمل کے علاوہ خواتین اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت ملکی اور صوبائی سطح پر تعلیم سب کیلئے کو فروغ دے رہی ہے بالخصوص ان پڑھ خواتین کو تعلیم کی فراہمی ایک انقلابی اقدام ہے ۔ محمد شفیق نے ان پڑھ مر و و خواتین پر زور دیا کہ وہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ تعلیمی سہولیات سے لازماً فائدہ اٹھائیں اور زیور تعلیم سے آراستہ کریں تا کہ وہ فعال شہری بن کر ملک و قوم کا نام روشن کرسکیں۔
سی ای او ایجوکیشن محمد یاسین ورک اور ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ مہر عمر دراز جھاوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ وفاقی وزارت ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ گورنمنٹ آف پاکستان کا ایک ذیلی ادارہ ہے جس کا بنیادی مقصد ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے ساتھ مل کر یونیورسل پرائمری ایجوکیشن اور تعلیم بالغان (سب کیلئے) کو فروغ دینا ہے تا کہ ان پڑھ کو بنیادی تعلیم کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ این سی ایچ ڈی ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کر رہی ہے ۔ خواتین کو بنیادی تعلیم کی فراہمی سے ہمارا ملک اور معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔