منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 08 نومبر 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈینگی کے خاتمے کیلئے ہم سب کو ذمہ داری سے کام کرنا ہو گا، ڈینگی ٹیمیں گھر گھر جا کر ڈینگی سے بچاﺅ کیلئے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کریں، انہوں نے کہاکہ ڈینگی کی افزائش کے تمام ممکنہ مقامات کی باقاعدگی سے ان ڈور اور آﺅٹ ڈور سرویلینس جاری رکھی جائے تا کہ ڈینگی کی افزائش ممکن نہ ہو سکےاور انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ۔
قبل ازیں سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے اجلاس کو ان ڈور، آﺅٹ ڈور ڈینگی سرویلنس، ڈینگی سپرے ، انسداد ڈینگی سے متعلق ادویات کے سٹاک، ڈینگی لاروا سائیٹس کے معائنہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس ہفتے کی کاروائی کے مطابق ہاٹ سپاٹ جگہوں کی چیکنگ کے دوران لاروے پائے جانے پر فوری طور پر مکینیکل لاروا سائیڈنگ کر دی گئی ہے جبکہ سو فیصد تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی کر دی گئی ہے۔
ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران 518 ٹیموں نے ان ڈور88 ہزار725 گھروں کو چیک کیا گیا ہے جبکہ 65 ٹیموں نے آﺅٹ ڈور11 ہزار240 گھروں کو چیک کیا۔ اسی طرح ان ڈور سرویلینس کے تحت4 لاکھ9 ہزار802 کنٹینرز چیک کئے گئے جبکہ آﺅٹ ڈور سرویلینس کے تحت34 ہزار760 کنٹینرز چیک کئے گئے اور ہاٹ سپاٹ کوریج 100 فیصد رہی۔ انہوں نے بتایا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر1123 نوٹسز جاری کئے گئے ہیں جبکہ 17 جگہوں کو سیل کر کے 7 افراد کے خلاف ایف آئی آرز درج کرواکر 2 افراد کو گرفتار کروا دیا گیا ہے ۔
جس پر ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ جن مقامات سے آج تک ڈینگی لاروا کے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ان مقامات پر خصوصی توجہ دی جائے اور لگاتار سرویلینس جاری رکھی جائے۔ انہوں نے محکمہ صحت اور دیگر افسران خصوصاً فیلڈ ٹیموں پر زور دیا کہ وہ قبرستانوں، ٹائر شاپس، کباڑخانوں، گملوں اور سروس سٹیشنز سمیت دیگر ہاٹ سپاٹ جگہوں کو مسلسل چیک کریں اور روزانہ کی سرگرمیوں کو اینڈرائیڈ موبائل کے ذریعے ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کریں۔
طارق علی بسرا نے کہا کہ انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں کسی قسم کی سستی اور غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر محمد افتخار، ڈاکٹر شکیل اقبال بٹ، ڈاکٹر خالد عباسی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ منڈی بہاﺅالدین ڈاکٹر قمر الزمان، ایم ایس ملکوال ، پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔