ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ شہریوں کے مسائل حل کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، مفاد عامہ پر مبنی ترقیاتی منصوبہ جات کی تکمیل کو جلد از مکمل کیا جائے اور ان سکیموں پر معیاری میٹریل استعمال کیا جائے ، غیر معیاری میٹریل کے استعمال میں کسی صورت سمجھوتا نہیں کیا جائے گا ، انہوں نے کہاکہ متعلقہ محکموں کے افسران اپنی سکیموں کو خود چیک کریں تا کہ تعمیراتی کام حکومتی گائیڈ لائن اور ٹائم لائن میں پایہ تکمیل تک پہنچ سکے اور عوام الناس ان ترقیاتی منصوبہ جات سے استفادہ حاصل کر سکیں۔
منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 06 نومبر 2021) ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں پی پی 68 کی مختلف ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ ، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی، ایس ڈی او بلڈنگ قرار شاہ، سی او ایم سی بشیر تارڑ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہاکہ عوام کی سہولت کے لئے تعلیم ، صحت اور انفراسٹرکچر کی سکیموں کی بر وقت اور معیاری تکمیل وقت کا اہم تقاضا ہے۔ مفاد عامہ کے منصوبوں کی راہ میں مالیاتی مشکلات حائل نہیں ہونے دیں گے اور حکومت سے ہر ممکن وسائل کی دستیابی یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی تجویز کردہ ترقیاتی منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جا رہے ہیں ۔ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں جاری منصوبوں کی مانیٹرنگ کررہے ہیں انشاءاللہ سو فیصد ترقیاتی اہداف حاصل کئے جائیں گے۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے ممبر صوبائی اسمبلی گلریز افضل چن کے ہمراہ تحصیل ملکوال پی پی 68 کی جاری مختلف سکیموں کا تفصیلی معائنہ کیا اور میٹریل کے معیار کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے ملکوال تا گوجرہ روڈ پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام سکیموں کی بر وقت تکمیل یقینی بنائیں۔ ترقیاتی سکیموں میں معیار اور رفتار کا توازن ہی قابل قبول ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر، توسیع اور مرمت کی سکیموں کیلئے صوبائی حکومت ہر ممکن وسائل اور فنڈز فراہم کر رہی ہے۔ سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں پر کام کے دوران اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ کہیں بھی ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفادات کے تحفظ کےلئے خود فیلڈ میں جاکر تمام ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتا رہوں گا۔ حکومت کی طرف سے فنڈز کے اجراء کے بعد ہمارا فرض ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے تمام پہلوﺅں پر نظر رکھیں۔