ڈپٹی کمشنر نے مختلف دکانوں اور گوداموں میں پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی کروائی

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر عثمان خالد خان نے آج علی الصبح شہر کی سبزی وپھل منڈی کا دورہ کیا۔ انہوں نے سبزی و فروٹ منڈی میں بولی کے عمل کا جائز ہ لیا ۔ انہوں نے مختلف دکانوں اور گوداموں کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی نگرانی میں بھی پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی کروائی۔

منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 25 جون 2022 ) انہوں نے سبزی منڈیوں میں خریداری کیلئے آنے والے صارفین سے اشیاء کی قیمتوں اور کوالٹی سے متعلق استفسار بھی کیا جس پر وہاں موجود صارفین نے اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے آڑھتیوں اور نیلامی کے ممبران پر واضح کیا کہ وہ عوام کی قوت خرید کے مطابق حکومت کے مقرر کردہ ریٹس پر پھل اور سبزیاں فروخت کریں اور صارفین کے حقوق کا خیال رکھیں۔

آج کی تازہ ترین ریٹ لسٹ دیکھیں

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے عوام دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے کریک ڈاﺅن جاری رکھاہواہے۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کو ذخیرہ کرنا یا مہنگے داموں بیچنا ایک ناقابل ضمانت سنگین جرم ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کی روشنی میں ضلع اور تحصیل کی سطح پر قیمتوں میں استحکام کے لیے انتظامیہ پھل سبزی منڈی اور مارکیٹوں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی سختی سے مانیٹرنگ کر رہی ہے یہی وجہ ہے کہ تمام سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں استحکام کو برقرار رکھ کر مقرر کردہ نرخوں پرعملدرآمد کروایا جا رہا ہے جس کے ثمرات عوام الناس تک پہنچ رہے ہیں۔

Exit mobile version