ڈپٹی کمشنر نے قادرآباد ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والوں کی پھالیہ ہسپتال میں عیادت کی

منڈی بہاﺅلدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 18 دسمبر 2021 ) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احسان الحق ضیاءنے قادرآباد کے علاقے ٹاہلی اڈہ کے قریب بس کی ٹکر سے زخمی ہونے والے افراد کی گزشتہ رات تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پھالیہ میں عیادت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد افتخار، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر خالد عباسی، ڈاکٹر صاحبان اور دیگر بھی موجود تھے۔

دریں اثناء گزشتہ رات ٹاہلی اڈہ کے قریب مہندی کی تقریب کیلئے جانے والے افراد کومسافر بس نے کچل دیا تھا۔ جس میں آٹھ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے جنہیں حادثے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیاتھا۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی۔انہوں نے زخمی افراد سے فرداًفرداً ملاقات کی اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

یہ بھی پڑھیں: قادرآباد: تیز رفتار بس نے مہندی کے شرکا کو کچل دیا، 8 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ او اور ڈاکٹر صاحبان سے زخمی افراد کے علاج معالجہ سے متعلق ضروری معلومات حاصل کیں اور انہیں ضروری ہدایات بھی جاری کیں ۔ انہوں نے کہا کہ زخمی افراد کے علاج معالجہ کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور ان کی مکمل صحت یابی تک تمام طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

Exit mobile version