ڈپٹی کمشنر نے دو چک میں ڈیجیٹل گرداوری کے آن لائن عمل کا معائنہ کیا

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احسان الحق ضیاء نے دو چک شمالی میں ڈیجیٹل گرداوری کے آن لائن عمل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ پٹواری اور گرداور سے چاول ، گنا اور گندم کی فصلات کی گرداوری، کاشت ، کھاتہ، خسرہ نمبر اور مشترکہ کھاتہ کی معلومات بھی حاصل کیں۔

منڈی بہاﺅلدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 20 دسمبر 2021) اس موقع پر فصلات کی گرداوری رپورٹ ڈیجیٹل گرداوری موبائل ایپ کے ذریعے موقع پر اپ لوڈ کی گئی۔ تحصیلدار ہمایوں بیگ، نائب تحصیلدار محمد وقار، پٹواری محمد طاہر، علاقہ گرداور رانا جہانزیب اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احسان الحق ضیاء نے کہا کہ ڈیجیٹل گرداوری حکومت پنجاب کا ایک انقلابی اقدام ہے جو کہ دور جدید میں عوامی امنگوں کے عین مطابق ہے۔ گرداوری کے عمل میں شفافیت لانے کیلئے آن لائن سسٹم وقت کی اہم ضرورت ہے جس سے کسانوں کو ان کی دہلیز پر اجناس کی کاشت اور پیداوار کا تعین آسان ہوجائے گا جبکہ زمینوں سے متعلقہ راستوں کے تعین ، پانی ، اراضی کی تقسیم جیسے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔

ڈپٹی کمشنرنے کہاکہ ڈیجیٹل گرداوری سے نا صرف فصلوں کا ڈیٹا بیس تیار ہو گا بلکہ وقت ضرورت یہ ڈیٹا دیگر مقاصد کیلئے بھی نا صرف بروئے کار لایا جا سکے گا بلکہ مالکان و حقداران زمین کے شناختی کارڈ کے اندراج بھی ممکن ہو سکے گا۔ ڈاکٹر احسان الحق ضیاء نے ہدایت کی کہ آن لائن ڈیجیٹل گرداوریوں کے عمل کو مقررٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے، ریونیو فیلڈ افسران گرداوری پر خاص توجہ دیں اور دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں زیادہ وقت گزار کر مقرر کردہ اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں تا کہ سو فیصد آن لائن گرداوری کو یقینی بنایا جا سکے۔

Exit mobile version