ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احسان الحق ضیاء نے کہا ہے کہ پولیو سے پاک پاکستان ہم سب کا اصل ہدف ہے، ضلع کے پولیو فری سٹیٹس کو برقرار رکھنے کے لئے ہر شخص اپنی ذمہ داری پوری کرے، انسداد پولیو مہم کے دوران کورونا ایس پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔
منڈی بہاﺅلدین( ایم.بی.ڈین نیوز 11 دسمبر 2021 ) ان خیالات کا اظہار انہوں نے چلڈرن ہسپتال میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر پانچ روزہ انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد افتخار، ڈاکٹر شکیل نذر، ایم ایس اعجاز مغل اور ڈی ایم ایس ڈاکٹر اظہر وحید بوسال، فوکل پرسن برائے ای پی آئی/پولیورافعہ ناہید، پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے سی او ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل، ایم ایس اعجاز مغل اور ڈی ایم ایس ڈاکٹر اظہر وحید بوسال کی ہسپتال کیلئے کوششوں کو سراہا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر احسان الحق ضیاءنے کہا کہ ضلع منڈی بہاﺅالدین میں 13 دسمبر سے 17 دسمبر تک جاری رہنے والے اس مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے 2 لاکھ 25 ہزار 428 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے اور پولیو مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کے کیپسول بھی دئیے جائیں گے۔
جس کیلئے 2،333 ورکرز پر مشتمل محکمہ صحت کی 70 فکسڈ ٹیمیں،43 ٹرانزٹ پوائنٹس، گھر گھر جانے والی957 ٹیمیں ،70 یوسی ایم اوز جبکہ 193 ایریا انچارج مقرر کئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت کے مطابق ضلع میں پولیو کے خلاف قومی مہم کو جذبہ حب الوطنی کے تحت مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، معاشرے کے ہر طبقے کے والدین کا فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کیلئے محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو اس خطرناک اور موذی مرض سے محفوظ رکھ سکیں۔
انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ٹیمیں انسداد پولیو مہم کے دوران کورونا ایس او پیز کا مکمل خیال رکھتے ہوئے ماسک پہنیں اور سینی ٹائزر لگائیں ۔انہوں نے سی او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ وہ انسداد پولیو مہم کے دوران ٹیموں کی کارکردگی کی خود مانیٹرنگ کریں اور قطرے پلانے والی ٹیموں کی روزانہ کی بنیاد پر سکریننگ کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی علاقہ ایسا نہ رہے جہاں پولیو ٹیم نہ پہنچی ہو اور نہ ہی کوئی بچہ پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جانے سے محروم رہے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں چلڈرن ہسپتال سے پرانا تھانہ روڈ تک آگاہی واک بھی منعقد کی گئی۔