ڈالر کے نرخ 172 سے بھی نیچے، سونے میں 2050 روپے کی کمی

کراچی: آئی ایم ایف سے قرض بحالی پروگرام سے متعلق مثبت اشاروں کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں جمعہ کو تیسرے دن بھی ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا رہا، ڈالر کے انٹربینک ریٹ 172 روپے جبکہ اوپن ریٹ 173 روپے سے بھی نیچے آگئے۔

انٹربینک مارکیٹ میں جمعہ کو بھی کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر کی قدر تنزلی سے دوچار رہی جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ مزید 61 پیسے کی کمی سے 171.65 روپے پر بند ہوئے۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر ایک روپیہ 20 پیسے گھٹ کر 172.80 روپے کی سطح پر بند ہوئی

کراچی: بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 8ڈالر کی کمی سے 1794ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی. اس کے نتیجے میں اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں ڈالر کی گھٹتی ہوئی قدر کے سبب جمعہ کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 2050 روپے اور 1758روپے کی کمی واقع ہوئی۔

کراچی ،حیدرآباد ،سکھر ،ملتان ،لاہور ،فیصل آباد ،راولپنڈی ،اسلام آباد ، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 118600روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر 101680روپے ہوگئی۔ اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 20روپے گھٹ 1440 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 17.15روپے گھٹ کر 1234.56روپے ہوگئی

Exit mobile version