اسلام آباد: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں 28 جولائی سے مون سون بارشوں کے پانچویں سپیل کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق آنے والے دنوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں سے شہری علاقوں میں شہری سیلاب، دریاؤں میں سیلاب اور بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ بالخصوص مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات اور گوجرانوالہ جیسے اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے جب کہ کچے یا خستہ حال مکانوں کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی کنٹرول رومز اور ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
