لاہور ( تازہ ترین ۔ 15 فروری 2022ء ) پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹاکرے کے دوران سہیل تنویر اور بین کٹنگ کے درمیان سرعام نازیبا اشاروں کا تبادلہ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی آپس میں الجھ پڑے۔ میچ کے دوران دونوں کھلاڑیوں کے درمیان کلمات کا بھی تبادلہ ہوا۔
سوشل میڈیا صارفین نے سینئر کرکٹرز کے رویے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے ان سے ذمے دارانہ رویہ اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ دوسری جانب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 186 رنز کا ہدف دیا ہے۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باؤلنگ کی دعوت دی۔
پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا کیونکہ حضرت اللہ زازئی دوسرے اوور میں پانچ کے مجموعی سکور پر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، 6 کے مجموعی اسکور پر لیام لیونگسٹن بھی پویلین لوٹے، جس کے بعد محمد حارث اور شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرنے کی کوشش کی تو حارث غلام مدثر کی گیند پر اُن ہی کے ہاتھوں 58 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی اور گلیڈی ایٹرز دونوں نے تین، تین میچوں میں فتح حاصل کی ہے جبکہ چار میچوں میں ان کو شکست ہوئی ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم سرفراز احمد (کپتان)، وِل اسمیڈ، جیسن روئے، جیمز وِنس، افتخار احمد، عمر اکمل، سہیل تنویر، خرم شہزاد، نور احمد، نسیم شاہ، غلام مدثر پر مشتمل ہے جب کہ پشاور زلمی کی ٹیم میں وہاب ریاض (کپتان)، محمد حارث، حضرت اللہ زازئی، شعیب ملک، لیام لیونگسٹن، شرفین ردرفورڈ، بین کٹنگ، محمد عمر، حسین طلعت، سلمان ارشاد، عثمان قادر شامل ہیں۔
واضح رہے پاکستان سپر لیگ 7 کے پلے آف مرحلے تک رسائی کے امکانات روشن رکھنے کیلئے پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہیں۔ ٹورنامنٹ کے 22 ویں میچ کا ٹاس پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے جیت کر غیر متوقع طور پر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
لاہور میں پی ایس ایل 7 کے سلسلے میں اب تک کھیلے گئے زیادہ تر میچز میں ٹاس جیتنے والے کپتانوں نے پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دی۔ اسی باعث کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد پہلے باولنگ کا موقع ملنے پر خوش دکھائی دیے۔ یاد رہے دونوں ٹیموں نے اب تک 7 میچز میں 3،3 فتوحات حاصل کر رکھی ہیں۔ تاہم بہتر رن ریٹ کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے جبکہ پشاور زلمی پانچویں نمبر پر موجود ہے.