پرائس مجسٹریٹس کی کاروائیاں: 3 لاکھ روپے کے جرمانے، 2 کیخلاف ایف آئی آر درج

ڈپٹی کمشنر عثمان خا لد خان کی زیرنگرانی ضلع میں گراں فروشوں کیخلاف کارروائیوں کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر پھلوں، سبزیوں کی نیلامی، گوشت و کریانہ اشیاء کی قیمتوں اور آٹا، گھی اور چینی کی ذخیرہ اندوزی کی پڑتال کی گئی۔

منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 06 جون 2022) ضلع بھر میں25مجسٹریٹس نے پچھلے 5دنوں میں 1،704 انسپکشنز کیں۔ اس دوران ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشی کی99 خلاف ورزیاں نوٹ کی گئیں اورگراں فروش مافیا کو تین لاکھ تین ہزار پانچ سو روپے کے جرمانے کئے گئے، 2 گراں فروشوں کے خلاف ایف آئی آر درج اور 2 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جب کہ ضلع بھر میں متعدد دکانوں کو سیل بھی کیاگیا ہے۔

علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر عثمان خالد خان نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو انسپکشنز میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی گراں فروش کے ساتھ رعایت نہ برتی جائے اورحکومتی نرخوں پر عملدرآمد ضرور کرایا جائے۔ اس کے علاوہ عوام الناس کو اشیاء خوردونوش کی سستے داموں فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ دکانداروں اور تاجروں سے مسلسل رابطے میں ہے اور اس حوالے سے اہم اجلاس منعقد کئے جارہے ہیں ۔

Exit mobile version