پاکستان اور انٹرنیشنل مارکیٹ میں سونا سستا ہوگیا۔ فی تولہ سونے کے نرخ 900 روپے جبکہ فی اونس 14 ڈالر کم ہوگئے۔
آل سندھ صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج (جمعرات کو) مقامی مارکیٹ میں سونے کے فی تولہ نرخ 900 روپے کمی سے ایک لاکھ 12 ہزار 700 روپے اور 10 گرام 772 روپے سستا ہوکر 96 ہزار 622 روپے کا ہوگیا۔ پاکستان میں اگست 2020ء کے پہلے ہفتے میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 32 ہزار روپے کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی تھی۔
واضح رہے کہ اپریل 2021ء میں سونے کے نرخ تقریباً 10 ماہ کی کم ترین سطح ایک لاکھ 2 ہزار روپے فی تولہ تک گرگئے تھے۔آل سندھ صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روز مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت 900 روپے اضافے سے ایک لاکھ 13 ہزار 600 روپے جبکہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 16 ڈالر مہنگا ہوکر 1803 ڈالر کا ہوگیا تھا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونا 14 ڈالر کمی سے 1779 ڈالر پر آگیا۔ گزشتہ سال انٹرنیشنل مارکیٹ میں سونے کے نرخ 2054 ڈالر کی بلند ترین سطح پر چلے گئے تھے۔ صراف ایسوسی ایشن سے جاری اعداد و شمار کے مطابق فی تولہ چاندی 1410 روپے جبکہ 10 گرام 1208.84 روپے میں فروخت ہورہی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی 23.47 ڈالر پر آگئی۔ پاکستان میں یکم جنوری 2020ء کو سونے کے فی تولہ نرخ 88 ہزار 150 روپے تھے.