ندیم افضل چن کے پی پی میں شامل ہونے پر ان کے بھائی کا مؤقف سامنے آگیا

waseem afzal chan

ندیم افضل چن کے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شامل ہونے کی خبر پر ان کے بھائی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما وسیم افضل چن کا مؤقف سامنے آگیا۔

منڈی بہاءالدین میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما وسیم افضل چن نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں شمولیت ندیم افضل چن کا ذاتی فیصلہ ہے۔ ندیم افضل کے بھائی وسیم چن نے کہا کہ ہمارے خاندان کا اس فیصلے سے کوئی تعلق نہیں، میرے والد، میرے بھائی اور میں تحریک انصاف کے ساتھ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی ایک اور وکٹ اڑ گئی، ندیم افضل چن کی پیپلز پارٹی میں واپسی

وسیم افضل چن نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ہمارے قائد ہیں، ان پر مکمل اعتماد ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئی تو ان کا ساتھ دیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی سے پاکستان تحریکِ انصاف میں جانے والے ندیم افضل چن آج دوبارہ پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے۔

لاہور میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں ندیم افضل چن کی جانب سے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ظہرانے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ، نثار کھوڑو، مراد علی شاہ، اعتزاز احسن، شیری رحمٰن، شازیہ مری، فیصل کریم کنڈی، قمر زمان کائرہ، راجہ پرویز اشرف اور مصطفیٰ نواز کھوکھر بھی شریک ہوئے تھے۔

پی ٹی آئی جوائن کرتے وقت ندیم افضل چن نے کیا کہا تھا؟ پرانی ویڈیو سامنے آگئی

یاد رہے کہ ندیم افضل چن پاکستان تحریکِ انصاف میں شمولیت کے بعد کافی عرصہ وزیرِ اعظم عمران خان کے ترجمان بھی رہے ہیں۔ اس منصب سے ندیم افضل چن نے گزشتہ برس جنوری میں خود استعفیٰ دیا تھا.

Exit mobile version