موسمی تبدیلی کے باوجود انسداد ڈینگی کی روک تھام اور سد باب کیلئے تمام متعلقہ محکمے سنجیدہ کوششیں کریں، طارق بسرا

منڈی بہاؤالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 06 ستمبر 2021) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ موسمی تبدیلی کے باوجود انسداد ڈینگی کی روک تھام اور سد باب کیلئے تمام متعلقہ محکمے سنجیدہ کوششیں کریں، کسی قسم کی سستی، کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی ممکنہ افزائش کی جگہوں کی تسلسل کے ساتھ ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلینس کی جائے تا کہ ضلع کو ڈینگی سے محفوظ رکھا جا سکے.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، سی ای او ہیلتھ (ڈی ایچ اے) ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، سی ای او ایجوکیشن محمد یاسین ورک، ڈی ایچ اوز ڈاکٹر محمد افتخار، ڈاکٹر خالد عباسی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر رضوان تابش، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس منڈی بہاؤالدین ڈاکٹر قمر الزماں، پھالیہ ڈاکٹر بشریٰ چوہدری، ملکوال ڈاکٹر ناصر وقار کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

قبل ازیں سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل نے اجلاس کو ان ڈور، آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس، ڈینگی سپرے، انسداد ڈینگی سے متعلق ادویات کے سٹاک،ڈینگی لاروا سائیٹس کے معائنہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس ہفتے کی کاروائی کے مطابق ہاٹ سپاٹ جگہوں کی چیکنگ کے دوران لاروے پائے جانے پر فوری طور پر مکینیکل لاروا سائیڈنگ کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں ابھی تک ڈینگی کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا۔

ڈاکٹر الیاس گوندل نے بتایا کہ اس ہفتے 518 ٹیموں نے ان ڈور 97 ہزار250 گھروں کو چیک کیا گیا ہے جبکہ 65 ٹیموں نے آؤٹ ڈور 12 ہزار 220 گھروں کو چیک کیا۔ اسی طرح ان ڈور سرویلینس کے تحت 4 لاکھ 22 ہزار 233 کنٹینرز چیک کئے گئے جبکہ آؤٹ ڈور سرویلینس کے تحت 54 ہزار 202 کنٹینرز چیک کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ 30 اگست سے 4 ستمبر تک ہاٹ سپاٹ جگہوں کی سو فیصد کوریج بھی کی گئی ہے۔سی او ہیلتھ نے مزید بتایا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر 836 افراد کو نوٹسز بھی جاری کئے گئے۔

بریفنگ سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے محکمہ صحت کے افسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان ڈور، آوٹ ڈور سرویلنس کے کام کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھیں تاکہ کسی بھی طرح ڈینگی کی افزائش ممکن نہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی مچھر کے خاتمے کیلئے سرکاری محکموں کے ساتھ کمیوننٹی کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

کمیوننٹی کے عملی تعاون کے بغیر مچھروں کی افزائش گاہوں کا خاتمہ ممکن نہیں بالخصوص گھروں، گلی محلوں، قبرستانوں، کباڑخانوں، ٹائر شاپس، جوہڑوں اور زیر تعمیر عمارتوں میں مچھروں کی افزائش کو روکنے کیلئے کمیونٹی موبلائزیشن کیلئے شعور اور آگاہی کی ضرورت ہے اس سلسلہ میں محکمہ صحت کی سرویلنس ٹیمیں گھر گھر جاکر ڈینگی کے خاتمہ کیلئے شہریوں کو ترغیب دیں اور ماحول کو صاف رکھنے کے سلسلے میں معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی سماجی ذمہ داریوں کا احساس دلائیں۔

Exit mobile version