منڈی بہاؤالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 10 اپریل 2021) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے کہا ہے کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم فرد ہیں جنہیں کسی طور پر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، یہ افراد خصوصی توجہ کے مستحق ہوتے ہیں ۔ ذرا سی توجہ سے یہ افراد ملک کے اہم شہری ثابت ہوسکتے ہیں۔پنجاب حکومت معذور افراد کی بحالی ،تربیت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی مالی امداد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس میں معذور افراد میں مالی امداد کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ ، چیئرمین بیت المال ہارون اصغر ، چیئرمین زکوۃ عشر ضلعی کمیٹی ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ثاقب حیات اورٹیوٹا کے نمائندے محمد مدثر کے علاوہ خصوصی افراد کے نمائندوں کے علاوہ معذورافراد بھی موجود تھے۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے معذور افراد کی مالی امداد کے لیے 3لاکھ 40 ہزار کے فنڈز فراہم کر دیے گئے ہیں اورضلعی سطح پر 34 مستحق معذور افراد کو 10 ہزار فی کس کے حساب سے امدادی چیکس تقسیم کیے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے معذور افراد کیلئے دیگر سہولیات جن میں خدمت کارڈ، سہولت ڈیسک ، ملازمتوں میں مخصوص کوٹہ اور سفری رعائت دی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مذید کہا کہ صوبائی حکومت خصوصی افراد کو دوسروں کی محتاجی سے نکال کر نارمل افراد کے ساتھ شانہ بشانہ روزگار کمانے کے قابل بنا رہی ہے ۔انھوں نے مزید کہا کہ معذور افراد کو معاشرے کا مفید اور کارآمد شہری بنانے کیلئے ان کو صلاحیتوں کے اعتبار سے فنی تربیت فراہم کی جا رہی ہے ۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے شرکاء سے کہاکہ خصوصی افراد کا معاشرے کے دیگر افراد کے ساتھ ایسا ماحول اور تعلق پیدا کیا جائے کہ انہیں بھی نارمل انسانوں کی طرح معاشرے میں زندگی گزار نے پر کوئی دقت پیش نہ آئے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کا پختہ عزم ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقات اور معذوری کے شکار افراد کی بہتری اور بحالی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔