منڈی بہاؤالدین میں یوم آزادی کی تقریبات یکم سے 14 اگست تک منعقد ہوں گی

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت یوم آزادی کی تقریبات بھرپور طریقے سے منانے کی تیاریوں کے حوالے سے ڈی سی آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد احمد ظہیر، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔

منڈی بہاءالدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز 29 جولائی 2025 ) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کا کہنا تھا کہ 14 اگست ہماری قومی شناخت کا دن ہے اور اس دن کو شایان شان طریقے سے منایا جائے گا،یکم اگست سے لیکر 14 اگست تک ضلع بھر میں یوم آزادی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ ضلعی ہیڈکوارٹر سمیت تحصیل ہیڈکوارٹرز میں بھی یوم آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ضلع کونسل ہال میں منعقد ہو گی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کی زیر نگرانی تحصیل سطح پر بھی پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی، جس میں سرکاری افسران، ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات اور شہری شرکت کریں گے۔

محکمہ سپورٹس کے زیر اہتمام کھیلوں کے مقابلہ جات جبکہ سکول وکالجز میں مضمون نویسی ،تقاریر ملی نغموں اور ٹیبلوز کے مقابلے منعقد کروائے جائیں گے۔ تمام سرکاری و نجی عمارات سمیت ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے اور برقی قمقموں سے سجایا جائے گا۔

بازاروں، گلیوں ،پلازہ جات، پارکس، لاری اڈہ جات کو بھی قومی پرچم، سبز ہلالی جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا جائے گا اور روڈ شو (ریلی) کا انعقاد بھی ہو گا۔ 14اگست کو میوزیکل نائٹ شو ہو گا اور فائر ورکس کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کا کہنا تھا کہ یوم آزادی پر ون ویلنگ، بغیر سلنسر موٹر سائیکل چلانے، ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کیا جائے گا

پولیس یوم آزادی پاکستان کی تقریبات کے حفاظتی اقدامات کرے گی، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے افسرا ن کو ہدایت کی کہ وہ یوم آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے اپنا اپنا تفصیلی پلان پیش کریں۔

Exit mobile version