بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی کال پر لاہور میں احتجاج کے دوران پولیس نے ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی اور رکن صوبائی اسمبلی شعیب عامر سمیت پارٹی کے متعدد رہنماؤں کو گرفتار کر لیا۔
لاہور میں 6 سے زائد ایم پی اے کو حراست میں لینے کی اطلاعات ہیں۔ حراست میں لیے گئے رہنماؤں میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی، ایم پی اے فرخ جاوید مون، کرنل (ر) شعیب، ندیم صادق ڈوگر، خواجہ صلاح الدین، امین اللہ خان اور اقبال خٹک شامل ہیں۔
پارٹی ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ لاہور سے ہمارے 300 کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے کارکن چھاپوں کے خوف سے پنجاب اسمبلی سے باہر نہیں جا رہے تھے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی کی خصوصی ہدایات پر لاہور میں ان کی بہن بیگم سمیرا الٰہی، منڈی بہاؤالدین سے بیگم کوثر محمد خان بھٹی، صدر کسان ونگ منڈی بہاؤالدین لیاقت علی بھٹی کی قیادت میں عمران خان کی رہائی کیلئے ریلی نکالی گئی۔
پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر عمران خان اور چوہدری پرویز الٰہی کی تصویریں تھیں۔ بیگم سمیرا الٰہی اور بیگم کوثر محمد خان بھٹی نے ’’عمران خان کو رہا کرو، کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ اور چوہدری پرویز الٰہی کے حق میں نعرے لگائے۔