منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز یکم ستمبر 2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ قوم کے نونہالوں کو صحت مند رکھنے کی کاوشیں کسی عبادت سے کم نہیں ، انسداد خسرہ ریبولامہم کی تکمیل ٹارگٹس کے مطابق یقینی بنائی جائے اور اس مہم میں عوامی آگاہی کیلئے علمائے کرام اور میڈیا کے رول کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، ان کی خدمات سے بھر پور استفادہ کیا جائے۔
ان خیالات کااظہا رانہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں انسداد خسرہ ریبولا مہم کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹر افتخار احمد، ڈی ڈی ایچ اوز ڈاکٹر شکیل احمد، ڈاکٹر خالد عباسی، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے ای پی آئی/پولیورافعہ ناہید، ڈی ایچ سی ایس او یونیسیف محمد اقبال، پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
سی او ہیلتھ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ15 نومبر سے لیکر27 نومبر 2021 تک 12 روزہ جاری رہنے والی مہم کی تیاریوں کے حوالے سے بتایا کہ اس مہم میں 9 ماہ کی عمر سے لے کر 15 سال تک کے 6 لاکھ 63 ہزار420 بچوں کی ویکسی نیشن کی جائے گی۔اس مہم میں محکمہ صحت کی431 ٹیمیں ،95 فکسڈ، 65 ٹیم سپورٹس سنٹرز، 118 یو سی ایم اوز، 12 سپروائزرز ، 5 ڈی ایچ ایم ٹی ، 65 فوکل پرسن ، 65 ویسٹ مینجمنٹ فوکل پرسن، 526 سکلڈ پرسنز، 526 ٹیم اسسٹنٹ، 526 پولیو ٹیم اسسٹنٹ اور 957 سوشل موبلائزرز اس مہم میں حصہ لیں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس مہم میں سکولوں اور مدرسوں کے 60 فیصد سے زائد بچوں کی بھی ویکسی نیشن کی جائے گی۔ اس مہم کے حوالے سے 10 اگست تک مائیکرو پلاننگ کر لی گئی ہے جبکہ یکم سے 2 ستمبر تک ماسٹر ٹرینر کیلئے ٹریننگ کا شیڈول بھی دے دیا گیا ہے اور یو سی ایم اوز کی 8 ستمبر تک ٹریننگ مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس مہم کیلئے ضلع میں 95 سنٹرز قائم کر دئیے گئے ہیں ۔ یہ 12 روزہ مہم صبح 9بجے سے لے کر شام 4بجے تک جاری رہا کرے گی۔
جس پرڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ انسداد خسرہ ریبولا مہم ک ی کامیابی کے حوالے سے محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ گھر گھر جاکر ناصرف خسرہ کے مرض کے حوالے سے بلکہ احتیاطی تدابیر اور علاج کے حوالے سے بھی آگاہی دیں تاکہ ضلع منڈی بہاﺅالدین کو خسرہ فری بنانے میں مدد مل سکے۔