منڈی بہاءالدین میں ذیابیطس کا عالمی دن منایا گیا، آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 15 نومبر 2021) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق نے کہا ہے کہ ذیابطیس ایک ایسا عارضہ ہے جو غفلت و لاپرواہی کی صورت میں نابینا پن، گردوں کی خرابی ، فالج ، ہارٹ اٹیک کے علاوہ پاﺅں یا ٹانگ کے کٹنے کا سبب بھی بن سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ ذیابطیس کے مریض کی بر وقت تشخص کر کے علاج معالجہ کیا جائے تو دل ، گردوں کے امراض کے ساتھ ساتھ آنکھوں کے اندھے پن سے بھی بچا جا سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیر اہتمام ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ذیابطیس کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد افتخار، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر قمر الزمان گورائیہ ، ڈاکٹر حضرات، پیرا میڈیکل سٹاف کے علاوہ عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد شفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذیابطیس کا مرض پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں تیزی سے پھیل رہا ہے ، عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہر سال 463 ملین افراد ذیابطیس سے متاثر ہوتے ہیں جو کہ ایک خطرناک شرح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان ذیا بطیس کے پھیلاﺅ کے اعتبار سے دنیا بھر میں چوتھے نمبر پر ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ذیابطیس کے مرض کے بارے میں لوگوں میں زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی جائے جو کہ رہن سہن اور کھانے پینے کے بارے میں رہنمائی کرے اور بتایا جائے کہ کن غذاﺅں کا استعمال مفید ثابت ہو گا اور کون سی غذائیں صحت کیلئے نقصان دہ ہیں اور اس مرض پر کس طرح قابو رکھا جا سکتا ہے ۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد افتخار نے کہا کہ پاکستان میں 2 کروڑ افراد شوگر کے امراض میں مبتلا ہیں ، انہوں نے بتایا کہ دنیا میں ہر 3 سیکنڈ میں ایک فرد شوگر کا مریض بن رہا ہے کیونکہ اس کا تعلق براہ راست میٹھی اشیاء کے بے دریغ استعمال، فاسٹ فوڈز، کولڈ ڈرنکس یا بہت زیادہ ٹینشن لینے سے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شوگر سے بچاﺅ کا واحد حل یہی ہے کہ اپنی زندگی کو پر آسائش بنانے کی بجائے سادہ بنایا جائے ۔ متوازن غذا کا استعمال کیا جائے ، روزانہ کی بنیاد پر ورزش کی جائے، تمباکو نوشی سے دور رہا جائے تبھی ذیابطیس کی بیماری سے محفوظ رہاجا سکتا ہے۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی ذیابطیس کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ سیمینار کے اختتام پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد شفیق کی قیادت میں آگاہی واک کا انعقاد بھی کیا گیا ۔

Exit mobile version