منڈی بہاءالدین میں جاری ترقیاتی سکیموں میں پیش رفت کے حوالے سے اہم میٹنگ کا انعقاد

ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ترقیاتی سکیموں کی بر وقت کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے تا کہ مربوط ترقی کے خواب کی تعبیر کو پورا کیا جا سکے، ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی تجویز کردہ ترقیاتی منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جا رہے ہیں ۔ ارکان اسمبلی اپنے حلقوں میں جاری منصوبوں کی مانیٹرنگ کررہے ہیں انشاءاللہ مفاد عامہ پر مبنی ترقیاتی منصوبہ جات حکومتی گائیڈ لائن اور ٹائم لائن میں پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں گے۔

منڈی بہاﺅلدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 14فروری 2022 ) ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ترقیاتی سکیمو ں میں پیش رفت کے حوالے سے ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی پی او انور سعید کنگرا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر احسان الحق،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ، پی ٹی آئی رہنما وسیم افضل چن، میجر (ر) ذوالفقار، فیصل مختار گوندل، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ،ہائی وے ، روڈز ، ٹریفک، سی اوز اور دیگرز متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے جاری میگا پراجیکٹس اور ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے بتایا کہ اے ڈی پی ترقیاتی پروگرام 2021-22 کی 114 جاری اور نئی ترقیاتی سکیمز جن کی لاگت 22339.562 ملین روپے ہے ، جن کیلئے 4877.180 ملین روپے کی لاگت کے فنڈز ریلیز ہو چکے ہیں اور ان ریلیز فنڈز میں سے 2263.592 ملین روپے کے فنڈز استعمال ہو چکے ہیں.

انہوں نے بتایا کہ جاری ترقیاتی سکمیوں کا 72 فیصد کام جبکہ نیو سکیمز کا 10 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ۔اے ڈی سی فنانس نے بتایا کہ سی ڈی پی 3 کی 42سکیمز جن کی لاگت 400 ملین روپے ہے اور ان سکمیز کا 83 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ۔ اسی طرح سیپ 3 کی 234 سکیمز جن کی لاگت 149.990 ملین روپے ہے اور ان سکمیز میں سے 51 سکیمز مکمل ہو چکی ہیں اور بقیہ تکمیل کے مراحل میں ہیں ۔

جس پر ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر قیادت حکومت ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل کیلئے ہر ممکن وسائل مہیا کررہی ہے ۔ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح عوام الناس کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرنا ہے جس کیلئے تمام متعلقہ محکمے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں کیونکہ جتنی جلدی ترقیاتی منصوبہ جات مکمل ہوں گے عوام اتنا ہی جلد مستفید ہو گی۔

ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جن ترقیاتی سکیموں کے ٹینڈرز ہو گئے ہیں ان ترقیاتی سکیموں پر جلد از جلد کام شروع کیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ ترقیاتی سکیموں میں کوالٹی اور کوانٹٹی پر کسی صورت بھی سمجھوتہ نہ کیا جائے گا۔

Exit mobile version