ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو آصف محمود نے کہا ہے کہ پاکستان جیسا عظیم وطن طویل جدوجہد اور شہداء کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے۔ وطن کو عظیم سے عظیم تر بنانے کیلئے ہر شخص اپنا فرض ادا کرے، انہوں نے گولڈن جوبلی یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کے حوالے سے ضلعی محکموں کے افسران کو پلان کے مطابق عمل کرنے کا حکم دے دیا۔
منڈی بہاﺅالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 18 جولائی2022) اس امر کا فیصلہ آج یہاں ڈی سی آفس میں ان کی زیر صدارت گولڈن جوبلی یوم آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز منڈی بہاﺅالدین کاشف جلیل، پھالیہ محمد عرفان ہنجرا، ملکوال عمر عادل،سی او ایجوکیشن محمد یاسین ورک، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، ڈی ڈی کالجز ، سی او ایم سیز، جنگلات، سپورٹس اور دیگر ضلعی محکموں کے افسران شریک تھے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ 15 جولائی سے ضلع بھر میں مختلف تقریبات جاری ہیں جو کہ 14 اگست تک جاری رہیں گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 14 اگست کو پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کمپلیکس میں صبح 9 بجے ہوگی اور اسی طرح دیگر تحصیلوں پھالیہ اور ملکوال میں بھی یوم آزادی کی تقریبات منعقد ہوں گی۔ جس میں ارکان اسمبلی ،سرکاری افسران اوردیگر ممتاز شہری شخصیات شرکت کریں گے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں مختلف کھیلوں جن میں کرکٹ، کبڈی، فٹ بال، ہاکی،سائیکل ریلی جبکہ کالجوں اور سکولوں کے درمیان فیس پینٹنگ، نعت، ملی نغموں کے مقابلے منعقد کروائے جائیں اور پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کئے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے حوالے سے محلوں اور گلیوں کو جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا جائیگا۔
انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات دیں کہ وہ اپنی اپنی تحصیل میں انجمن تاجران کی معاونت سے شہروں اور گلیوں کو رنگ برنگی جھنڈیوں اور سرکاری ونجی عمارتوں کو چراغاں کرکے سجایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ 14 اگست یوم آزادی کے دن چلڈرن ہسپتال ، ڈی ایچ کیو میں زیر علاج مریضوں اور جیل میں قیدیوں کے درمیان مٹھائی تقسیم کی جائے گی ۔انہوں نے ہدایت کی کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ یوم آزادی کی تقاریب میں حکومت کے جاری کردہ کورونا ایس او پیز پر لازماً عمل درآمد کیا جائے اور ان تقریبات کے موقع پر محرم الحرام کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔
