ڈپٹی کمشنر عثمان خالد خان کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین کاشف جلیل نے خفیہ اطلاع پر ایکشن لیتے ہوئے یوریا کھاد کی غیر قانونی، ذخیرہ اندوزی اور کسانوں کے نام جعلی رسیدیں بنانے پر ڈیلر ملک عاطف ا ینڈ کو کی دکان اور گودام پر چھاپہ مار کر سینکڑوں تھیلے یوریا کھاد قبضہ میں لے کر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔
منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 24 جون 2022) تفصیلات کے مطابق ملک عاطف اینڈ کو کے مالک دکان پر کھاد فروختگی کی جعلی پرچیاں اور رسیدیں بنا کر بلیک میں کھاد فروخت کر رہے تھے اور اپنا سٹاک کم شو کروا رہے تھے۔ ملک عاطف اینڈ کو کے اس طرز عمل سے عوام الناس کو کھاد ملنے میں شدیدمشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
اطلاع ملنے پر اسسٹنٹ کمشنر کاشف جلیل نے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال کے ہمراہ گزشتہ رات ملک عاطف اینڈ کو کی دکان اور گودام پر اچانک چھاپہ مارا اور کھاد کو قبضے میں لے کر دکان اور گودام کو سیل کر دیا۔ مذکورہ ڈیلر کسانوں کو یوریا کھاد فروخت کرنے سے انکاری تھا اور چوری چھپے مہنگے داموں کھاد فروخت کر رہا تھا۔
ڈیلر ریکارڈ کے مطابق اس نے کسان اتحاد کے نمائندوں کو 1182 بیگز فروخت کئے ہیں جو کہ گزشتہ روز کھاد نہ ملنے پر احتجاج کر رہے تھے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ضلع منڈی بہاﺅالدین میں کھاد کی کوئی قلت نہیں ہے ، کسانوں کو صاف و شفاف طریقے سے کھاد مہیا کی جا رہی ہے جس کاکھاد مافیا کو نقصان ہو رہا ہے ، کچھ لوگ کسانوں کے حقوق کے تحفط کا نام لے کر اپنی سیاست چمکا رہے ہیں ۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کاشف جلیل کا کہنا تھا کہ کھاد مافیا کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا یہ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزی، خودساختہ مہنگائی کاشتکاروں، زمینداروں کو لوٹنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی، کسی بھی ڈیلر کی طرف سے ذخیرہ اندوزی، سرکاری ریٹ سے زائد فروخت کرنے والے ڈیلرز کو قرار واقعی سزادی جائے گی۔
اس موقع پر زمینداروں اور کاشتکاروں نے ڈپٹی کمشنر کی زیر نگرانی ان کاروائیوں کو بے حد سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھاد کی بلیک مارکیٹنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاو ¿ن جاری رکھا جائے۔
