محتسب پنجاب کی ملکوال میں کھلی کچہری، عوام الناس کی مختلف شکایات سنی

ریجنل کنسلٹنٹ محتسب پنجاب عبدالرشید نے میونسپل کمیٹی ملکوال میں کھلی کچہری لگائی ،انہوں نے کھلی کچہری میں عوام الناس کی جانب سے مختلف شکایات پر سماعت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کچہری میں آئے ہوئے سائلین سے توجہ اور خلوص سے ان کے مسائل سنے اور ان کی شکایات کے ازالے کے لئے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 11 نومبر 2021) انہوں نے متعلقہ افسران کو کلثوم بی بی بیوہ سلیم شاہ سکنہ رکن کی پنشن کے کیس کوجلد از جلد حل کرنے کی ہدایت کی جبکہ نوازش علی سکنہ مڈھ کی درخواست پر موقف سن کر محکمہ صحت سے تفصیلی جواب طلب کر لیا ۔ اسی طرح محمد آصف اور ریاض احمد سکنہ شمہاری کی شکایت پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے داد رسی کی گئی۔

اس موقع پر ریجنل کنسلٹنٹ محتسب پنجاب عبدالرشید نے کہاکہ محتسب پنجاب کے ادارے نے مختلف محکموں سے متعلق عوامی شکایات پرفوری داد رسی کا عمل تسلسل سے جاری رکھا ہوا ہے،صوبائی محکموں سے متعلق عوامی شکایات کے ازالہ کا بنیادی مقصد عام لوگوں کے پیچیدہ مسائل کو حل کر کے ان کی دہلیز پر ہی انصاف مہیا کرنا ہے۔

انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ اپنی شکایات کے فوری ازالے اور حصول انصاف کیلئے بلا خوف و خطر محتسب پنجاب کی جانب سے لگائی گئی کچہریوں میں آئیںیا محتسب پنجاب منڈی بہاﺅالدین کے دفتر سے رجوع کریں تا کہ ان کے مسائل کو حل کیا جا سکے۔

Exit mobile version