متوقع ڈینگی مچھر کی افزائش کے مقامات کو قبل از وقت کلئیر کیا جائے، ڈپٹی کمشنر

district mandi bahauddin

ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کہا ہے کہ تمام محکمے شہریوں کو ڈینگی سے محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کریں اور ان ڈور اور آﺅٹ ڈور سرگرمیاں تیز کریں، انہوں نے کہاکہ متوقع ڈینگی مچھر کی افزائش کے مقامات کو قبل از وقت کلئیر کیا جائے تا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 02 مارچ 2022 ) ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر افتخار نے اجلاس کو ان ڈور، آﺅٹ ڈور ڈینگی سرویلنس، ڈینگی سپرے ، انسداد ڈینگی سے متعلق ادویات کے سٹاک،ڈینگی لاروا سائیٹس کے معائنہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا

کہ21 فروری سے26 فروری تک (ایک ہفتے ) کے دوران 518 ٹیموں نے ان ڈور76 ہزار50 گھروں کو چیک کیا گیا جبکہ65 ٹیموں نے آﺅٹ ڈور9 ہزار540 گھروں کو چیک کیا۔ اسی طرح ان ڈور سرویلینس کے تحت3 لاکھ66 ہزار966 کنٹینرز چیک کئے گئے جبکہ آﺅٹ ڈور سرویلینس کے تحت29 ہزار630 کنٹینرز چیک کئے گئے اور ہاٹ سپاٹ کوریج 100 فیصد رہی۔

ڈاکٹر افتخار نے بتایا کہ انسداد ڈینگی ایس او پیزاورحفاظتی اقدامات نہ کرنے پر131 نوٹسز بھی جاری کئے گئے ہیں ۔ جس پرڈپٹی کمشنرمحمد شاہد نے کہا کہ منڈی بہاﺅالدین کو ڈینگی فری بناناضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، محکمہ صحت کی انسداد ڈینگی ٹیمیں ان ڈور، آوٹ ڈور سرویلنس کے کام میں مزید بہتری لائیں۔ انہوں نے فیلڈ ٹیموں پر زور دیا کہ وہ قبرستانوں، ٹائر شاپس، کباڑخانوں، گملوں اور سروس سٹیشنز سمیت دیگر ہاٹ سپاٹ جگہوں کو مسلسل چیک کریں اور روزانہ کی سرگرمیوں کو اینڈرائیڈ موبائل کے ذریعے ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کریں۔

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے آگاہی مہم تیز کی جائے اور عوام الناس کو آگاہ کیا جائے کہ وہ اپنے گردونوح کو صاف ستھرا رکھیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شکیل نذر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ منڈی بہاﺅالدین ڈاکٹر قمر الزمان، ڈی او ماحولیات عاطف عمران، پی اے ٹو سی او ہیلتھ ارسلان رﺅف کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

Exit mobile version