ماہ جولائی میں پرائس مجسٹریٹس افسران نے 12 لاکھ، 62 ہزار روپے کے جرمانے کئے

منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 24 جولائی2021 ) ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ پرائس مجسٹریٹس صاحبان اپنا قبلہ درست کر لیں، کارکردگی نہ دکھانے والوں کیلئے ضلع میں کوئی جگہ نہیں ہے، پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو عوام کی قوت خرید کے مطابق مستحکم رکھنے سے وابستہ ہے ، انہوں نے پرائس مجسٹریٹس صاحبان کو واضح ہدایات جاری دیتے ہوئے کہا کہ عام بازاروں اور مارکیٹوں میں دکانوں پر ریٹ لسٹیں نمایاں جگہوں پر آویزاں نہ کرنے والوں کو بھاری جرمانے کئے جائیں اور ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف ایف آئی آرز درج کروائی جائیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈی سی آفس میں پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کے حوالے سے پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو توقیر الیاس چیمہ،اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین امتیاز علی بیگ، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار، اسسٹنٹ کمشنر ملکوال عثمان غنی، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ محمد اقبال، ڈی او انڈسٹریز محمد سعید کے علاوہ مجسٹریٹس صاحبان اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

قبل ازیں ملٹی میڈیا کے ذریعے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یکم جولائی سے لے کر اب تک مجسٹریٹس صاحبان نے 4،432 انسپکشنز کیں اور پرائس ایکٹ کی 451 خلاف ورزیاں پائے جانے پرمختلف دکانداروں ، بڑے سٹوروں اور سٹاکسٹ کو 12لاکھ 62ہزار 400روپے جرمانے کئے گئے۔ 8افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر وا کر 02 افراد کوگرفتار کروا دیا گیا۔ جس پرڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے پرائس مجسٹریٹس صاحبان کی کارکردگی پر عدم اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے واضح ہدایت کی کہ ضلع بھر کے تمام مجسٹریٹس صاحبان اپنے اپنے مقرر کردہ علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر انسپکشنز اور جرمانوں کا ہدف حاصل کریں گے اور اپنی کارگزاریوں کو مرکزی ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پرائس مجسٹریٹس صاحبان عام بازاروں اور مارکیٹوں میں اشیاءضروریہ کی ریٹ لسٹ اور ریٹ بورڈ کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کروانے کے پابند ہوں گے اور جو دکاندار عملدرآمد نہ کرے اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔مجسٹریٹس عادی گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کوجرمانے کرنے کی بجائے جیل بھجوائیں۔

انہوں نے پرائس مجسٹریٹ صاحبان کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر بنائیں کیونکہ ان کی حقیقی کارکردگی اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھ کر عوام الناس کو فائدہ پہنچانا ہے ، انہوں نے باور کرایا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی واضح ہدایات کی روشنی میں اشیاءخوردونوش کی قیمتوں میں استحکام کو سوفیصد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومتی ہدایت کو سنجیدگی سے لے کر اس پر سوفیصدکارکردگی دکھانا ہوگی۔

Exit mobile version