غیر قانونی پٹرول ایجنسیز اور ایل پی جی بھرائی کیخلاف کریک ڈائون، 37 ایجنسیز سیل، بھاری جرمانے

منڈی بہاﺅلدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 08 دسمبر 2021) ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ضلع بھر میں غیر قانونی پٹرول ایجنسیز اور ایل پی جی بھرائی کے خلاف کریک ڈاﺅن شروع کر دیا گیا ہے۔

سول ڈیفنس آفیسر علی عمران کی سربراہی میں ٹیم نے غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے رواں ماہ کے دوران مختلف مقامات پر 83 ایل پی جی بھرائی اور پٹرول ایجنسز کی انسپکشنز کیں اور غیر قانونی کام کرنے والی 37 ایجنسیوں کو سیل اور 38ہزار 500روپیہ جرمانہ کیا جبکہ 17 افراد کے خلاف ضلع کے مختلف تھانہ جات میں ایف آئی آرز بھی درج کرا دیں۔

اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر علی عمران نے کہا کہ کسی بھی جگہ غیر قانونی پٹرول ایجنسیز کی تنصیب کر کے پٹرول کی خرید و فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے غیر قانونی پٹرول ایجنسیز اور ایل پی جی کی بھرائی مالکان کو کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ ایسے غیر قانونی افعال سے باز رہیں ۔

چیکنگ کے دوران خلاف ورزیوں کے مرتکب پائے جانے والوں کو بھاری جرمانے کئے جائیں گے اور انہیں جیل کی ہوا کھانی پڑے گی۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس اقدام کو سراہتے ہوئے غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف آپریشن کو قابل تحسین قرار دیا۔

Exit mobile version