قلعہ دیدار سنگھ: غیر قانونی طریقہ سے ڈنکی لگا کر عراق جانیوالا نوجوان ایران میں جاں بحق ہوگیا۔ تھانہ قلعہ دیدار سنگھ کے علاقہ محلہ پرانا بازار کے رہائشی محمد یوسف کا 25 سالہ بیٹا علی حسن ایک ماہ قبل اپنے دیگر کزنز کے ساتھ عراق روانہ ہوا تھا۔
باقی کزنز کراچی سے واپس آ گئے۔ علی حسن اکیلا ہی آگے بڑھ گیا۔ لواحقین کے مطابق منڈی بہاؤالدین کے رہائشی شانی نامی ایجنٹ کو عراق جانے کے لیے ایک لاکھ نوے ہزار روپے کی ایڈوانس ادائیگی کی گئی۔
انسانی اسمگلر شانی کے والد نے واٹس ایپ کے ذریعے علی حسن کی لاش کی ویڈیو بھیجی اور عراق سے لاش بلانے کے لیے تحریری اسٹامپ پیپر کی درخواست بھی کی۔
لواحقین کے مطابق انہیں ایک پیغام موصول ہوا جس میں علی حسن کے ساتھ سفر کرنے والے شخص نے الزام لگایا ہے کہ علی حسن پر تشدد کیا گیا جس کے باعث ان کی موت واقع ہوئی۔ متوفی کے اہل خانہ نے وزارت داخلہ سے میت کو جلد پاکستان لانے کی اپیل کی ہے۔
