اسسٹنٹ کمشنر ملکوال خرم مختار کی زیر صدارت میونسپل کمیٹی ہال ملکوال میں عشرہ شان رحمت اللعالمین منانے کے حوالے سے سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیاگیا۔ تقریب میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی بشیر تارڑ، نامور عالم دین، معروف نعت خوانان سمیت میونسپل کمیٹی کے افسران و اہلکاران کے علاوہ علاقے کے عمائدین اور عوام الناس کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
منڈی بہاﺅالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 08 اکتوبر 2022 ) تلاوت کلام پاک کے بعد معروف نعت خوانوں نے نبی کریم ﷺ کی شان اقدس میں نعت کی شکل میں گلہائے عقیدت پیش کئے جبکہ معروف عالم دین مذہبی سکالر نے رسالت مآب ﷺ کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی اور وزیراعلیٰ پنجاب کے عشرہ شان رحمت اللعالمین ﷺ کو صوبائی سطح پر منانے کو ایک تاریخی اور احسن اقدام قرار دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ملکوال خرم مختار نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ذات اقدس ہمارے لئے اسوہ کامل ہے ،اسوہ حسنہ ﷺ مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم کو دونوں جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا، آپ ﷺ نے علم، عمل اور معاشرتی تربیت سے جو عظیم کارنامہ سر انجام دیا وہ تا قیامت مشعل راہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم رسول پاک ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دنیا اور آخرت کی کامیابیاں سمیٹ سکتے ہیں۔ کانفرنس کے مقررین نے اپنے اپنے خطاب میں صوبائی حکومت کے ہفتہ شان رحمت اللعالمین ﷺ کے انعقاد کو ایک احسن اقدام قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ مسلمانوں کیلئے نبی اکرم خاتم النبین اور رحمت اللعالمین سے بڑھ کر دنیا میں اور کوئی نہیں اور ہر مسلمان حرمت رسول ﷺ پر اپنی جان و مال قربان کرنے کیلئے ہر لمحہ تیار ہے ۔
علماءنے مسلمانوں پر زور دیا کہ دشمنان اسلام کے مقابلے میں خود کو مضبوط بنانے کیلئے ہمیں آ پ ﷺ کی تعلیمات پر صدق دل سے عمل کرنا ہو گا تا کہ دنیا اور آخرت میں سرخرو ہو سکیں۔
