عالمی یوم خواندگی کے حوالے سے منڈی بہاوالدین میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا

منڈی بہاو ءالدین ( ایم.بی.ڈین نیوز 09 ستمبر 2021) چیف ایگزیکٹو آفیسر (ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی) محمد یاسین ورک نے کہا ہے کہ دنیا میں جتنی بھی قومیں ترقی یافتہ ممالک کی صفوں میں کھڑی ہیں وہ صرف اور صرف تعلیم اور ٹیکنالوجی کی بدولت اس مقام پر پہنچی ہیں لہذا پاکستان میں سو فیصد شرحِ خواندگی کا حصول ناگزیر ھے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے حکومت، سول سوسائٹی اور معاشرے کے تمام طبقات کو ملکر کوشش کرنا ہوگی اور پنجاب میں شرحِ خواندگی میں اضافے کے لیے محکمہ خواندگی وغیررسمی بنیادی تعلیم اس حوالے سے بھرپور کوشش کررہا ھے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ لٹریسی و نان فارمل بیسک ایجوکیشن کے زیر اہتمام عالمی یوم خواندگی کے حوالے سے گورنمنٹ ہائیرسیکنڈری سکول سوہاوہ بولانی میں آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری عبدالحفیظ ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمینٹری زنانہ ریاض اختر، ایجوکیشن آفیسر محمد عمر عبداللہ، سربراہ اوورسیز پاکستانیز فورم ناصر تارڑ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ رضوان شامی، فنانس عبدالرﺅف ، بجٹ اشرف تارڑ، مختلف این جی اوزکے نمائندگان، غیررسمی تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات ،ساتذہ کرام اور معززین شہر کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

سی ای او ایجوکیشن محمد یاسین ورک نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں 8 ستمبر کو عالمی یوم خواندگی منایا جاتا ہے جس کامقصد لوگوں میں تعلیم کے فروغ کے حوالے سے عوام میں آگاہی فراہم کرناہے اور اس سلسلہ میں وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں محکمہ خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم خواندگی میں اضافے کے لیے کوشاں ہے اس حوالے سے گزشتہ تین سالوں کے دوران وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی وزیر برائے خواندگی و غیر رسمی کی خصوصی توجہ سے محکمہ کے تحت کئی نئے پروگرامز شروع کیے ہیں ان اقدامات کا مقصد صرف اور صرف تعلیم کو عام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم ایک ایسازیور ہے جسے کوئی چرا نہیں سکتا اور اس کے بغیر دنیا بھر کے چیلنجز کا مقابلہ کرنا مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر رسمی تعلیم کے اساتذہ مبارکبادکے مستحق ہیں جو بچوں کی تعلیم و تربیت کرنے میں اہم کردارادا کر رہے ہیں۔ یہی بچے بڑے ہو کر مختلف شعبہ جات میں اپنی خدمات سر انجام دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ لٹریسی سنٹرز میں زیر تعلیم بچوں کی صلاحتیں کسی دیگر بڑے اداروں کے بچوں سے ہرگز کم نہیں ہیں اور نان فارمل بیسک ایجوکیشن اساتذہ محدود وسائل ہونے کے باوجود بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔

سیمینار میں لٹریسی کوآرڈینیٹر فیضان خالد نے ضلع بھرمیں غیر رسمی سکولز، داخل شدہ بچوں، تعلیمی نتائج، بھٹہ مزدوراور خانہ بدوش بچوں کو تعلیم کی سہولیات کی فراہمی اور محکمہ کے موجودہ پراجیکٹس کی کارکردگی سے تفصیلی آگاہ کیا ۔ سیمینار کے اختتام پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء اور اساتذہ میں اعزازی سرٹیفکیٹس، شیلڈز اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔

سیمینار کے اختتام پر لٹریسی ٹیم کو شاندار پروگرام کے کامیاب انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا گیا اور سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کئے گئے اور اس عزم کے ساتھ پروگرام کا اختتام کیا گیا کہ ضلع منڈی بہاﺅالدین سے جہالت کے خاتمہ اور سو فی صد لٹریسی ریٹ کے حصول کےلیے تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے انتھک محنت کی جائے گی۔ایوارڈ حاصل کرنے والے ٹیچرز اور طلبہ نے خوشی کا اظہار کیا کہ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے ان کی کاوشوں کو سراہا گیا ھے۔ وہ آئندہ مزید محنت سے کام کریں گے۔

Exit mobile version