عالمی یوم انسداد ٹی بی کے حوالے سے منڈی بہاءالدین میں سیمینار کا انعقاد

ڈپٹی کمشنر محمد شاہدنے کہا ہے کہ ٹی بی سو فیصد قابل علاج مرض ہے اور اجتماعی کوششوں سے ٹی بی کا مرض ملک سے ختم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب گراس روٹ لیول پر اس مرض کے علاج کیلئے مفت ٹیسٹ ، ادویات اور خدمات مہیا کر رہی ہے تا کہ بر وقت علاج سے دیگر لوگوں کو اس مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔

منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 19 مارچ 2022 ) ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ضلع کونسل ہال منڈی بہاﺅالدین میں محکمہ ہیلتھ کے زیر اہتمام عالمی یوم انسداد ٹی بی کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر افتخار احمد، ڈاکٹر شکیل نذر، طبی ماہرین ڈاکٹرز، فوکل پرسن برائے ای پی آئی رافعہ ناہید ، پیرا میڈیکل سٹاف، ایل ایچ ویز اور عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کے زیر اہتمام یہ دن منانے کا بنیادی مقصد انسداد ٹی بی سے متعلق عوام الناس کو آگاہی فراہم کرنا اور اجتماعی کوششوں سے ایسے اقدامات کرنا ہیں تا کہ اس ملک کو ٹی بی فری بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ٹی بی سو فیصد قابل علاج مرض ہے تاہم یہ اچھوت کی بیماری ہے اور اس مرض میں ایک سال تک مبتلا مریض سے دیگر 15 صحت مند افراد کو بھی یہ بیماری لگ سکتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مریض کے بر وقت علاج معالجہ اور درمیان میں وقفہ کئے بغیر باقاعدگی سے ادویات کا کورس مکمل کرنے پر اس بیماری سے چھٹکارا ممکن ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ٹی بی کے مرض کے خاتمہ کیلئے اربوں روپے کی ادویات اور علاج معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کر رکھی ہیں اور اس پروگرام میں تمام سرکاری ہسپتالوں کے علاوہ پرائیویٹ ہسپتالوں ، کلینکس اور ڈاکٹروں کو بھی شامل کر رکھا ہے تا کہ اس مرض میں مبتلا مریضوں کو بر وقت علاج معالجہ کی سہولیات میسر آ سکیں۔

سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد الیاس گوندل اور فوکل پرسن برائے ٹی بی /ڈی ایچ او ڈاکٹر افتخار نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کھانسی، چھینک، تھوک، بلغم میں خون آنا، بھوک نہ لگنا ، وزن میں کمی اور ہلکا بخار رہنا ٹی بی کے مرض کی واضح علامات ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ٹی بی کے مریض کی بیماری کی چھپایا نہ جائے اور ٹی بی کے مریض ڈھونڈ کر ان کا علاج کیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ لیڈی ہیلتھ ورکز اس پروگرام کی کامیابی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو باور کرایا کہ اجتماعی کوششوں سے اس مرض کو جڑ سے ختم کیا جا سکتا ہے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و ملازمین میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کئے ۔سیمینار کے اختتام پر آگاہی واک بھی ہوئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کی۔

Exit mobile version