ملک بھر کی طرح منڈی بہاءالدین میں بھی یوم آزادی پاکستان ملی جوش و جزبہ سے منایا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم آزادی کی پرچم کشائی کی تقریب ضلع کونسل منڈی بہاءالدین میں منعقد ہوئی۔
منڈی بہاءالدین ( ایم۔بی۔ڈین نیوز 14 اگست 2025 ) تقریب کاآغاز 7:58 پر سائرن سے کیا گیا، پرچم کشائی کی گئی اور قومی ترانہ احترام سے سنا گیا۔ پولیس، ریسکیو 1122، سکاوٹس اورطلباء کے دستوں کی جانب سے سلامی پیش کی گئی اور ملک پاکستان کی سلامتی کیلئے دعا بھی کی گئی۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد احمد ظہیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل وقار اکبر چیمہ، آرمی افسران سمیت تمام محکموں کے افسران، اساتذہ، طلباءاور معززین شہر کی کثیر تعداد موجود تھی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد احمد ظہیر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل وقار اکبر چیمہ کا کہنا تھا کہ آزادی کی قدر محکوم قوموں سے بہتر کوئی نہیں جانتا، پاکستان کی آزادی کیلئے جہاں ہمارے آباﺅ اجداد نے لاکھوں قربانیاں دیں،وہاں ملک کے تحفظ اور استحکام کیلئے بھی لاکھوں افراد قربان ہوئے۔ ہم سب پاکستان کے حصول اور ا س کے تحفظ اور استحکام کیلئے جانوں کے نظرانے پیش کرنے والوں کی شہادتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 14 اگست اہم ترین دن ہے، آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ اس ملک کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اس کی سلامتی اور تحفظ کیلئے اپنے خون کا ایک ایک قطرہ بہا دیں گے۔
انہوں نے عوام الناس بالخصوص طلباء، اساتذہ اور تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والوں سے اپیل کی کہ وہ انفرادی و اجتماعی کاوشوں سے وطن کو عظیم سے عظیم تر بنانے میں اپنا خصوصی کردار ادا کریں اور ایمانداری اور دیانتداری سے مل کر اس ملک کی خدمت کر کے اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔