ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ، تمام افسران و سیاسی شخصیات کی شرکت

development in mandi bahauddin

منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 10 مارچ 2022 )ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح عوام الناس کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرنا ہے جس کیلئے تمام متعلقہ محکمے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں کیونکہ جتنی جلدی ترقیاتی منصوبہ جات مکمل ہوں گے عوام اتنا ہی جلد مستفید ہو گی.

اگر کسی جگہ فنڈز کی کمی بیشی یا دیگر رکاوٹیں حائل ہیں تو ان کو اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لا کر فوراً ترقیاتی اسکیموں کو مکمل کیا جائے ، ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر عوامی بہبود علاقائی ترقی کیلئے مختلف سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا اور اس سلسلے میں ارکان اسمبلی کی مشاورت کو مقدم رکھیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے آج یہاں ڈی سی آفس میں ترقیاتی سکیموں میں پیشرفت کے حوالے سے ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایس پی انویسٹی گیشن خالد رشید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ،پی ٹی آئی رہنما ذوالفقار گوندل، فیصل مختار،ایکسیئن بلڈنگ، سی اوز کے علاوہ متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران بھی موجود تھے۔

قبل ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ نے اجلاس کو ملٹی میڈیا کی مدد سے ضلع میں جاری میگا پراجیکٹس اور ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اے ڈی پی نیو ترقیاتی پروگرام 2021-22 کی 81 سکمیں جن کی مالیت 15437.787 ملین روپے ہے ۔ ان سکیموں کے 2548.679 ملین روپے کے فنڈز استعمال کئے جا چکے ہیں ۔

اے ڈی سی فنانس نے بتایا کہ سیپ 42 سکمیں جن کی مالیت 150 ملین روپے ہے اور ان سکیموں کے 148.791 ملین روپے استعمال کر کے 60 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ 40 سکیمیں بھی مکمل کی جا چکی ہیں۔ اسی طرح سیپ3 کی 235 سکیمز جن کی مالیت 156.478 ملین روپے ہے اور ان سکیموں کے تمام فنڈز استعمال کر کے61 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ55 سکیمیں بھی مکمل کی جا چکی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سیپ 4 کی 91 سکیمز جن کی مالیت 236.902 ملین روپے ہے اور ان سکیمز کے 194.902 ملین روپے کے فنڈز استعمال کئے جا چکے ہیں۔ جس پر ڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ ادارے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ترقیاتی سکیموں کی کوالٹی، رفتار اور شفافیت پر خصوصی توجہ دیں۔

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ جو سکیمیں مکمل ہو چکی ہیں ان سکیموں کے سائن بورڈز فوری طور پر آویزاں کئے جائیں اور ان کے تصاویری ثبوت ڈی سی آفس کو مہیا کئے جائیں۔ ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق ضلع کی تعمیر و ترقی اولین ترجیح ہے ، عوامی فلاح و بہبود اور علاقائی تعمیر و ترقی کے امور میں مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں گے اور سلسلے میں ضلعی انتظامیہ سے مکمل کوآرڈی نیشن قائم رکھی جائے گی۔

Exit mobile version