زائد قیمت پر چینی فروخت کرنے پر مختلف دکانداروں کو 1,75,000 روپے جرمانہ

shahtaj sugar mill mandi bahauddin

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی خصوصی ہدایت اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیرنگران ضلعی انتظامیہ چینی کے مقررکردہ نرخوں پر عملدرآمد کرانے کیلئے متحرک۔ ضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی چینی زائد نرخوں پر فروخت کرنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کاروائیاں جاری۔

منڈی بہاءالدین ( 4 اگست 2025 ) پرائس مجسٹریٹس نے ضلع بھر میں گزشتہ 4 روز کے دوران مختلف دکانوں کو چیک کیا اور 9 ہزار 983 انسپکشز کے دوران چینی زائد نرخوں پر فروخت کرنے والے مختلف دکانداروں کو مجموعی طور پرایک لاکھ 75 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جبکہ ایک شخص کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج بھی کرایا۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے ضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو حکومت پنجاب کی جانب سے چینی کے نرخوں سے متعلق جاری کردہ نوٹیفکیشن پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا حکم دیا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔

یاد رہے کہ ڈائریکٹر جنرل (خوراک) و کین کمشنر کی جانب سے چینی کے نرخ مقرر کئے گئے ہیں، جن کے مطابق 15 جولائی سے ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو اور ریٹیل قیمت 173 روپے فی کلو،15 اگست سے ایکس مل قیمت 167 روپے فی کلو اور ریٹیل قیمت 175 روپے فی کلو، 15 ستمبر سے ایکس مل قیمت 169 روپے فی کلو اور ریٹیل قیمت 177 روپے فی کلو، 15 اکتوبر سے ایکس مل قیمت 171 روپے فی کلو اور ریٹیل قیمت 179 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ صارفین کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جسے ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومت کے تمام احکامات پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

Exit mobile version