منڈی بہاﺅلدین( ایم.بی.ڈین نیوز 04 دسمبر 2021) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احسان الحق ضیاءنے کہا ہے کہ ضلع میں صحت، تعلیم کی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ، ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل ترجیح ہو گی، میونسپل سروسز کا معیار بہتر بنانے کیلئے بلدیاتی اداروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، میڈیا کے تعاون سے اہداف کے حصول کیلئے بھر پور محنت کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن وقار جاوید نقوی، میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر احسان الحق ضیاء نے کہاکہ ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال میں طبی سہولیات کی بہتری کے حوالے سے بہت گنجائش ہے، محکمہ صحت کے افسران، ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹر کے ساتھ مل کر مربوط لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ اسی طرح ٹی ایچ کیو ، آر ایچ سی اور بی ایچ یوز میں طبی سہولیات کو بہتر اور ڈاکٹرز و عملہ کی حاضری یقینی بنائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ایجوکیشن سیکٹر کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے وہ ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کو چیک کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی آف گجرات کے منڈی بہاﺅالدین کیمپس کیلئے درکار اراضی ایکوائر کرنے کیلئے اب تک کے اقدامات کا جائزہ لے کر متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کر دی جائیں اور گراﺅنڈز کو کسی دوسرے مقاصد کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ سنٹرز میں شہریوں کو معیاری خدمات کو فراہمی ، تجاووزات کے خاتمہ کے لئے بلا تفریق کاروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر احسان الحق ضیاء نے کہاکہ رواں سال ترقیاتی بجٹ میں 14ارب 95 کروڑ روپے لاگت سے 81 منصوبہ جات شامل ہیں۔ بیشتر پراجیکٹس پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ان کی پراگریس کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔ جاری ترقیاتی منصوبوں کی فزیکل اور فنانشل پراگریس بھی باقاعدگی سے مانیٹر کی جائے گی۔ انہوں نے شہری مسائل کے حل ، خدمات کا معیار بہتر بنانے کیلئے میڈیا نمائندگان کی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ انتظامیہ اور پریس کلب شہریوں کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے باہم رابطہ جاری رکھیں گے۔