درخت لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی حفاظت اور نگہداشت بھی بے حد ضروری ہے، محمد شاہد

district council hall mandi bahauddin

ڈپٹی کمشنر محمد شاہدنے کہا ہے کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے، جس نے ایک درخت لگایا گویا اس نے جنت میں درخت لگایا، انہوں نے کہاکہ درخت لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی حفاظت اور نگہداشت بھی بے حد ضروری ہے تا کہ پودوں کو پروان چڑھا کر ہم اپنے ارد گرد کے ماحول کو کو خوشگوار بنا سکیں۔

منڈی بہاوالدین( ایم.بی.ڈین نیوز 08 مارچ 2022 ) ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں شجر کاری مہم کے تحت ضلع کونسل ہال کے لان میں “مالالوکا” پودا لگا تے ہوئے کیا۔ اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ، چیف آفیسر ضلع کونسل شہزاد اختر تارڑ، ڈی او جنگلات رانا محمد اکرم، چیف آفیسر منڈی بہاﺅالدین یونٹ سمیر انتظار چیمہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

سی او ضلع کونسل شہزاد اختر تارڑ نے بتایا کہ ضلع کونسل کو 30 ہزار پودے لگانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا تھا جس میں سے 5ہزار پودے مرالہ روڈ اور ضلع کے دیگر مقامات پر لگائے گئے ہیں جبکہ بقیہ 10ہزار پودے لگانے کا ٹارگٹ بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا ۔ جس پرڈپٹی کمشنر محمد شاہد نے کہاکہ زیادہ سے زیادہ درخت لگانا اور جنگلات کے رقبہ میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دورحاضر میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ہم وطن عزیز کے ماحول کو ناصرف خوبصورت بناسکتے ہیں بلکہ شجرکاری کے فروغ سے ماحولیاتی آلودگی سے نجات پاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہر بشر دو شجر کا فارمولا انتہائی قابل ستائش ہے اور وزیراعظم کا کلین اینڈ گرین پروگرام موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر محمد شاہد زور دیتے ہوئے کہاکہ ضلع بھر میں سرکاری و نجی سطح پر شجرکاری کو فروغ دیا جائے اور سوشل فاریسٹی کے فروغ کیلئے بچوں ،خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں کو ماحول دوست سرگرمیوں میں نہ صرف شریک کیا جائے بلکہ انہیں شجرکاری کے فروغ کی ترغیب بھی دی جائے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حافظ غلام مرتضیٰ نے بھی شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا۔ بعدازاں ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا بھی کی گئی۔

Exit mobile version